سائبیریا کے 2800 سال قدیم مقبرے سے بھنگ کے ایک ہزار بیج دریافت
ماسکو: (ویب ڈیسک) سائبیریا میں تقریباً 2800 سال قدیم ایک مقبرے سے بھنگ کے ایک ہزار بیج دریافت ہوئے ہیں، جنہیں قدیم انسان نشے اور دیگر مقاصد کے لیے استعمال کرتے تھے۔ ماہرین کے مطابق یہ دریافت قدیم زمانے میں بھنگ کے نشہ آور استعمال کا قدیم ترین براہِ راست آثارِ قدیمہ کا ثبوت قرار دی جا رہی ہے۔
یہ مقبرہ جنوبی سائبیریا کی جمہوریہ تووا میں واقع ہے اور اس کا تعلق سکیتھیائی تہذیب کی اہم شخصیات سے بتایا جاتا ہے۔
ڈاکٹر جینو کاسپاری کی قیادت میں تحقیق کرنے والی بین الاقوامی ٹیم نے دریافت ہونے والے بیجوں میں سے چھ کی ریڈیو کاربن ڈیٹنگ کی، جس کے نتیجے میں ان کی عمر کا تعین کیا گیا، تحقیق کے مطابق یہ بیج آٹھویں صدی قبل مسیح کے اوائل میں مقبرے میں رکھے گئے تھے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ قدیم معاشرے بھنگ کو مختلف مقاصد کے لیے استعمال کرتے تھے، جن میں ریشہ اور تیل حاصل کرنا بھی شامل تھا، تاہم حالیہ دریافت سے پہلی مرتبہ اس پودے کے نشہ آور استعمال کے حوالے سے براہِ راست آثارِ قدیمہ کے شواہد سامنے آئے ہیں۔
تحقیق کے دوران قدیم بیجوں کے تجزیے کے ساتھ انسانی بالوں میں محفوظ کیمیائی آثار کا بھی جائزہ لیا گیا، محققین کے مطابق اس دریافت سے اندازہ ہوتا ہے کہ بھنگ قدیم معاشروں کی تدفینی رسومات کا بھی حصہ تھی۔
ماہرین کا خیال ہے کہ یہ اہم دریافت ہزاروں سال قبل انسانی معاشرت، مذہبی و تدفینی رسومات اور نشہ آور پودوں کے استعمال کی تاریخ کو سمجھنے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments