10 سال سے زائد کی محنت، امریکی شہری نے دنیا کی سب سے بڑی ربڑ بینڈ بال بنا ڈالی

امریکا: (جیو نیوز) امریکی شہری نے 10 سال سے زائد عرصے کی محنت کے بعد ربڑ بینڈز سے دنیا کی سب سے بڑی گیند تیار کرکے عالمی ریکارڈ قائم کر دیا۔

کلاڈ پی مور نامی شخص کی تیار کردہ اس دیوہیکل گیند کا وزن 11 ہزار 578 پاؤنڈ (تقریباً 5 ہزار 251 کلوگرام) ہے، جس کی گنیز ورلڈ ریکارڈز نے دنیا کی سب سے بڑی ربڑ بینڈ بال کے طور پر تصدیق کر دی ہے۔

کلاڈ پی مور کے مطابق انہوں نے ہیموفیلیا کے معائنے کیلئے ڈاکٹروں کے پاس بار بار جانے کے دوران ربڑ بینڈز کی چھوٹی چھوٹی گیندیں بنانا شروع کی تھیں، 2015ء میں ان کے چند ساتھیوں نے انہیں ایک بہت بڑی ربڑ بینڈ بال بنانے کا چیلنج دیا، جسے انہوں نے سنجیدگی سے لیتے ہوئے اس پر کام شروع کر دیا۔

وقت گزرنے کے ساتھ ربڑ بینڈز کی تعداد بڑھتی گئی اور گیند اتنی بڑی ہوگئی کہ اسے گیراج میں رکھنا بھی ممکن نہ رہا، جس کے باعث اسے ایک مخصوص سٹوریج یونٹ میں منتقل کرنا پڑا۔

رواں سال اگست میں درجنوں افراد کی مدد سے اس دیوہیکل گیند کو سٹوریج یونٹ سے باہر نکالا گیا اور کرین کے ذریعے ڈیٹرائٹ، مشی گن کے جزیرے بیلے آئل منتقل کیا گیا، جہاں اس کا باقاعدہ وزن کیا گیا۔

گنیز ورلڈ ریکارڈز کے نمائندے نے وزن کرنے کی تقریب کا مشاہدہ کیا اور 11 ہزار 578 پاؤنڈ وزن کی تصدیق کرتے ہوئے اسے دنیا کی سب سے بڑی ربڑ بینڈ بال قرار دے دیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...