امارات میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو فروغ دینے کیلئے سالانہ حکومتی مقابلہ شروع
دبئی: (سید مدثر خوشنود) متحدہ عرب امارات کے نائب صدر، وزیراعظم اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد آل مکتوم نے سرکاری خدمات میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو فروغ دینے کیلئے سالانہ حکومتی مقابلہ شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔
سرکاری خبر رساں ادارے وام کے مطابق مقابلے کا مقصد سرکاری ملازمین کو جدید اور مؤثر حل تیار کرنے کی ترغیب دینا ہے تاکہ حکومتی اداروں کی کارکردگی میں بہتری لائی جاسکے۔
پہلے مقابلے میں خصوصی توجہ ایسی مصنوعی ذہانت پر ہوگی جو مختلف کام خودکار انداز میں انجام دینے اور پیچیدہ انتظامی امور کو آسان بنانے کی صلاحیت رکھتی ہو۔
اس اقدام سے سرکاری اداروں میں جدت، نئی سوچ اور ٹیکنالوجی کے عملی استعمال کو فروغ دینے کی کوشش کی جائے گی، مقابلے میں منتخب ہونے والے نو بہترین منصوبوں کو اعزاز دینے کا اعلان حکومتی خدمات میں مصنوعی ذہانت کے بڑھتے ہوئے کردار کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔
یہ پیشرفت متحدہ عرب امارات کی اس حکمت عملی کا حصہ ہے جس کے تحت سرکاری خدمات کو زیادہ جدید، مؤثر اور عوام کیلئے آسان بنانے پر توجہ دی جا رہی ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments