چودھری حسین الہیٰ کی پنجاب حکومت پر تنقید، ترقیاتی فنڈز روکنے کا الزام

گجرات :(دنیا نیوز) رہنما مسلم لیگ ق اور ممبر قومی اسمبلی چودھری حسین الہیٰ نے اب حکومت پر تنقید کرتے ہوئے ترقیاتی فنڈز روکنے کا الزام عائد کیا ہے۔

گجرات  ممبر قومی اسمبلی چودھری حسین الہیٰ نے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کی پنجاب حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا اور الزام عائد کیا کہ صوبائی حکومت کی توجہ لاہور تک محدود ہے، جبکہ دیگر اضلاع اور بالخصوص ان کے حلقے کو ترقیاتی منصوبوں کے لیے فنڈز فراہم نہیں کیے جا رہے۔

انہوں نے کہا کہ لاہور میں پہلے سے بنی ہوئی سڑکیں اکھاڑ کر دوبارہ تعمیر کی جا رہی ہیں، لیکن جب لاہور سے باہر ترقیاتی کاموں کے لیے فنڈز دینے کی بات آتی ہے تو حکومت کے پاس وسائل نہ ہونے کا مؤقف اختیار کیا جاتا ہے۔

رہنما مسلم لیگ ق  نے سوال اٹھایا کہ 11 ارب روپے کا جہاز خریدنا ضروری تھا یا عوام کے حلقوں میں ترقیاتی کام کروانا زیادہ اہم تھا؟

چودھری حسین الہیٰ نے دعویٰ کیا کہ ان کے حلقے کے تین ارب روپے کے ترقیاتی فنڈز روک رکھے گئے ہیں۔

چند روز قبل وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے سالک حسین کو عدالتوں میں گھسیٹنے کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے اُنہوں نے کہا کہ وہ ان سڑکوں کی بحالی کے لیے پوری حکومت کو عدالتوں میں لے کر جائیں گے۔

رہنما مسلم لیگ ق کا مزید کہنا تھا کہ پرویز الہیٰ کے دور میں جتنے ترقیاتی فنڈز موجودہ حکومت کے ارکان قومی اسمبلی خرچ کرتے ہیں، اتنے فنڈز اس وقت ان کے کونسلرز خرچ کیا کرتے تھے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...