ڈیجیٹل تفریح کی دنیا میں اہم پیشرفت، رائل ریپچی 26 دسمبر کو دبئی سے متعارف ہوگا

دبئی: (سید مدثر خوشنود) ڈیجیٹل تفریح کی دنیا میں ایک نئے پلیٹ فارم کی آمد کی تیاریاں جاری ہیں، رائل ریپچی نے 26 دسمبر 2026ء کو دبئی سے اپنی او ٹی ٹی سروس متعارف کروانے کا اعلان کیا ہے۔

ابتدائی مرحلے میں متحدہ عرب امارات اور بھارت کو اس کی پہلی دو مارکیٹوں کے طور پر منتخب کیا گیا ہے، جبکہ مستقبل میں دیگر بین الاقوامی منڈیوں تک رسائی حاصل کرنے کا منصوبہ بھی زیرِ غور ہے۔

رائل ریپچی کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق نئے پلیٹ فارم کا مقصد ناظرین کو کم قیمت پر ڈیجیٹل تفریحی مواد فراہم کرنا اور فلم سازوں، پروڈکشن کمپنیوں اور تخلیقی شعبے سے وابستہ افراد کے لیے تعاون کے نئے مواقع پیدا کرنا ہے۔

کمپنی نے بھارت میں ماہانہ سبسکرپشن کی ابتدائی قیمت صرف 10 بھارتی روپے جبکہ متحدہ عرب امارات میں 5 درہم رکھنے کی تجویز پیش کی ہے۔ تاہم حتمی پیکیجز اور دستیاب مواد کی تفصیلات کا اعلان ابھی باقی ہے۔

اس منصوبے کی قیادت معروف اماراتی بزنس ٹائیکون اور گروپ چیئرمین حمید محمد الکلبانی، جبکہ بطور ڈائریکٹرز دھرم گپتا اور ونے کمار کررہے ہیں،اس منصوبے سے وابستہ ہیں۔

انتظامیہ کے مطابق رائل ریپچی کو ایک ایسے بین الاقوامی تفریحی پلیٹ فارم کے طور پر تیار کرنے کی کوشش کی جارہی ہے جو مختلف ممالک کے ناظرین اور تخلیقی صلاحیتوں کے حامل افراد کو ایک دوسرے سے منسلک کرسکے۔

المدثر نیوز ایجنسی کے مطابق دبئی کو اس منصوبے کے آغاز کے لیے منتخب کرنے کی اہم وجوہات میں امارت کا بین الاقوامی کاروباری ماحول، جدید ٹیکنالوجی، مضبوط مواصلاتی روابط اور مختلف قومیتوں پر مشتمل آبادی شامل ہیں، متحدہ عرب امارات اور بھارت کے درمیان ثقافتی اور تجارتی تعلقات بھی ابتدائی توسیعی حکمت عملی میں اہمیت رکھتے ہیں۔

رائل ریپچی کی انتظامیہ مستقبل میں اپنی اصل فلموں اور دیگر تفریحی پیشکشوں کی تیاری، فلم سازوں اور پروڈکشن اداروں کے ساتھ شراکت داری اور بین الاقوامی سطح پر مواد کی تقسیم کے امکانات کا جائزہ لینے کا ارادہ رکھتی ہے، تاہم پلیٹ فارم پر دستیاب ہونے والی فلموں، ڈراموں، اصل پروڈکشنز اور دیگر پروگراموں کی مکمل فہرست ابھی جاری نہیں کی گئی۔

ڈیجیٹل تفریحی صنعت میں پہلے ہی متعدد بڑے بین الاقوامی ادارے سرگرم ہیں، اس لیے نئے پلیٹ فارم کے لیے کم قیمت سبسکرپشن کے ساتھ معیاری مواد، بہتر تکنیکی سہولتوں اور ناظرین کا اعتماد حاصل کرنا اہم ہوگا۔

کمپنی کے مطابق 26 دسمبر کو مجوزہ آغاز سے قبل پلیٹ فارم کے تفریحی مواد، کاروباری شراکت داریوں اور مستقبل کے منصوبوں سے متعلق مزید اعلانات متوقع ہیں، ابتدائی مرحلے میں متحدہ عرب امارات اور بھارت پر توجہ دی جائے گی، جبکہ پاکستان سمیت دیگر ممالک میں سروس متعارف کروانے کا کوئی باقاعدہ شیڈول تاحال سامنے نہیں آیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...