ملکی معاشی ترقی کیلئے ڈسٹرکٹ اور سیکٹرل اکانومی پر توجہ ہے: ایس ایم تنویر
پشاور:(دنیا نیوز) سربراہ یونائیٹڈ بزنس گروپ (یو بی سی) ایس ایم تنویر نے کہا ہے کہ ملک کی معاشی ترقی کے لیے ڈسٹرکٹ اور سیکٹرل اکانومی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔
خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایس ایم تنویر کا کہنا تھا کہ تمام متعلقہ ممبران کو پہلے 100 دن کا روڈ میپ پیش کرنا ہوگا، جبکہ ہر تین ماہ بعد کارکردگی کی مانیٹرنگ کی جائے گی۔
انہوں نے گورنر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مبارک ہو! آپ کو وزیراعلیٰ کے اختیارات بھی مل گئے ہیں۔
سربراہ یو بی جی کا کہنا تھا کہ وہ گزشتہ تین روز سے خیبرپختونخوا میں موجود ہیں اور انہیں اطلاعات ملی ہیں کہ صوبے میں امن و امان کی صورتِ حال بہتر ہوئی ہے۔
ایس ایم تنویر نے کہا کہ گزشتہ تین سال سے جاری لڑائی کے باعث پورے خیبرپختونخوا کی معیشت متاثر ہوئی اور صوبے کو نقصان اٹھانا پڑا۔
انہوں نے بتایا کہ فیڈریشن میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ کوئی غیر ضروری کمیٹی تشکیل نہیں دی جائے گی بلکہ جو بھی ممبران آئیں گے، وہی کمیٹی کے ممبر ہوں گے۔
سربراہ یو جی بی نے مزید کہا کہ ہماری مشترکہ نیت ملک کی معیشت کو ترقی دینا ہے، اس مقصد کے لیے تمام ممبران کو اپنے اپنے چیمبرز کی سطح پر بھرپور وقت دینا ہوگا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments