پنجاب میں اعلیٰ بیوروکریسی میں بڑے پیمانے پر تقرر و تبادلے
لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب حکومت نے اعلیٰ بیوروکریسی میں بڑے پیمانے پر تقرر و تبادلوں کے احکامات جاری کر دیے۔
محمد جہانزیب کو کمشنر لاہور ڈویژن تعینات کر دیا گیا جب کہ موجودہ کمشنر لاہور نعمان یوسف کو تبدیل کرکے سیکرٹری سروسز مقرر کر دیا گیا، محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن پنجاب کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق تمام احکامات فوری طور پر نافذالعمل ہوں گے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق صاحبزادی وسیمہ عمر کو سیکرٹری سکول ایجوکیشن پنجاب تعینات کر دیا گیا ہے جبکہ علی جان خان کی بطور سیکرٹری سکول ایجوکیشن تعیناتی کا 22 اکتوبر کو جاری کردہ حکم نامہ واپس لے لیا گیا ہے۔
اِسی طرح سپیشل سیکرٹری سکول ایجوکیشن محمد اقبال کو بھی تبدیل کرکے محکمہ سروسز میں رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ سلمیٰ سلیمان کو سپیشل سیکرٹری وزیراعلیٰ آفس کے عہدے سے تبدیل کرکے سپیشل سیکرٹری سکول ایجوکیشن تعینات کر دیا گیا ہے۔
حکومتی احکامات کے تحت کیپٹن ریٹائرڈ نورالامین مینگل کو سیکرٹری ہاؤسنگ کے عہدے سے ہٹا کر محکمہ سروسز میں رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے جب کہ دانش افضل کو سیکرٹری ہاؤسنگ، اربن ڈویلپمنٹ اینڈ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ مقرر کر دیا گیا ہے اور خضر حیات کو محکمہ ہاؤسنگ میں ایڈیشنل سیکرٹری انتظامیہ تعینات کیا گیا ہے۔
ڈاکٹر ساجد محمود چوہان کو سیکرٹری ویمن ڈویلپمنٹ پنجاب، سمن رائے کو سیکرٹری لیبر اینڈ ہیومن ریسورس پنجاب اور محمد اطہر مسعود کو ڈی جی کچی آبادیز پنجاب تعینات کیا گیا ہے، سیدہ کلثوم حئی کو ڈی جی مانیٹرنگ محکمہ داخلہ پنجاب جبکہ عمرانہ توقیر کو ڈی جی لٹریسی اینڈ نان فارمل بیسک ایجوکیشن پنجاب کی ذمہ داریاں سونپ دی گئی ہیں۔
اسی طرح محمد طارق مسعود فاروقہ کو ڈپٹی مینیجنگ ڈائریکٹر پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن، لبنیٰ عثمان کو ایڈیشنل سیکرٹری محکمہ توانائی پنجاب اور محمد سلیم کو ڈی جی پبلک لائبریریز پنجاب تعینات کر دیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق امجد بشیر کو ڈی جی بہاولپور ڈویلپمنٹ اتھارٹی تعینات کر دیا گیا ہے جبکہ کمشنر بہاولپور عرفان علی خان سے اس عہدے کا اضافی چارج واپس لے لیا گیا ہے۔
افضال احمد قمر کو ڈی جی ڈیرہ غازی خان ڈویلپمنٹ اتھارٹی مقرر کیا گیا ہے جبکہ ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان بلال سلیم سے بھی ڈی جی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا اضافی چارج واپس لے لیا گیا ہے۔
کریم بخش کو ڈی جی سوائل سروے پنجاب اور محمد میثم عباس کو سپیشل سیکرٹری جنگلات و جنگلی حیات جنوبی پنجاب تعینات کیا گیا ہے، محمد نعیم کو چیف ایگزیکٹو آفیسر پنجاب بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ مقرر کر دیا گیا جبکہ ذیشان شبیر رانا سے اس عہدے کا اضافی چارج واپس لے لیا گیا ہے۔
مزید احکامات کے تحت ڈاکٹر نورالعین فاطمہ کی خدمات پنجاب ریونیو اتھارٹی کے سپرد کرتے ہوئے انہیں اپیلٹ ٹربیونل میں اکاؤنٹنٹ ممبر کے طور پر تعینات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ کاشف منظور کی خدمات بھی پنجاب ریونیو اتھارٹی کے سپرد کر دی گئی ہیں تاکہ انہیں بطور ممبر تعینات کیا جا سکے۔
مزید برآں حمود الرحمٰن کی خدمات مزید تعیناتی کے لیے وزیراعلیٰ آفس پنجاب کے سپرد کر دی گئی ہیں، محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن پنجاب کے مطابق تمام تقرر و تبادلوں کے احکامات فوری طور پر نافذالعمل ہوں گے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments