سیاست میں ڈائیلاگ ضروری، پہلے پی ٹی آئی خود متحد ہو: فیصل کریم کنڈی
پشاور: (دنیا نیوز) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ سیاست میں ڈائیلاگ ضروری ہیں، پہلے پی ٹی آئی خود متحد ہو
خیبر پختونخوا کے علاقے پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ شہریوں کو انڈر پاس کی تعمیر کے باعث کچھ مشکلات برداشت کرنا پڑیں گی۔
اُنہوں نے کہا کہ انہیں شہریوں کی مشکلات کا احساس ہے، متعلقہ کنٹریکٹر کو ہدایت کی ہے کہ انڈر پاس کی تعمیر جلد مکمل کی جائے، تاہم شہریوں کو کچھ عرصہ مزید مشکلات برداشت کرنا پڑیں گی۔
گورنر خیبر پختونخواکا کہنا تھا کہ تجاوزات کے خلاف بلاامتیاز آپریشن جاری ہے، اگر ان کے اپنے فارم ہاؤس میں بھی تجاوزات موجود ہیں تو انہیں بھی ضرور گرایا جانا چاہیے، مفتی محمود مرکز میں بھی اگر تجاوزات پائی گئیں تو کارروائی ہوگی، کسی کے خلاف کوئی انتقامی کارروائی نہیں کی جا رہی۔
فیصل کریم کنڈی نے وفاقی حکومت کی جانب سے 160 ارب روپے کا ریلیف پیکیج دینے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم سے ملاقات میں خیبرپختونخوا کا مقدمہ پیش کریں گے، وزیراعظم اور فیلڈ مارشل نے صوبے کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ کرپشن میں جو بھی ملوث ہو، اسے سزا ملنی چاہیے، سیاست میں مذاکرات اور ڈائیلاگ ہونے چاہئیں، لیکن پہلے پی ٹی آئی کو خود متحد ہونا ہوگا، پی ٹی آئی کی چار سے پانچ فرنچائزز بن چکی ہیں، ایسے میں کس پی ٹی آئی کے ساتھ مذاکرات کیے جائیں؟
دوسری جانب مولانا فضل الرحمان سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے گورنر خیبر پختونخوا نے کہا کہ مولانا کو اپنے بھائی اور بیٹے کی وجہ سے یہ دن دیکھنا پڑے۔ مولانا کے بیٹے کو بتانا چاہتا ہوں کہ میں نے کسی کو بھتہ نہیں دیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments