گوگل کی جانب سے نئی سوشل میڈیا ایپ ’یوٹیوب ٹمبا‘ متعارف کرائے جانے کا امکان
کیلیفورنیا: (دنیا نیوز) گوگل کی جانب سے اپنی نئی سوشل میڈیا ایپ متعارف کرانے پر کام کیے جانے کا امکان ہے، جسے یوٹیوب ٹمبا کا نام دیا جاسکتا ہے۔
ٹیکنالوجی ویب سائٹ اینڈرائیڈ اتھارٹی کی رپورٹ کے مطابق اینڈرائیڈ ڈیوائسز کے لیے یوٹیوب ایپ کے نئے ورژن میں ایک خودمختار ایپ ٹمبا کے شواہد سامنے آئے ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایپ کے کوڈز سے عندیہ ملتا ہے کہ گوگل ایک ایسے سوشل پلیٹ فارم پر کام کر رہا ہے جس میں ون آن ون اور گروپ میسجنگ، تصاویر اور ویڈیوز شیئر کرنے سمیت صارفین کی پوسٹس جیسے فیچرز شامل ہوں گے۔
رپورٹ کے مطابق ایپ کے ہوم، سرچ، کیمرا، ان باکس اور چیٹس سمیت مختلف آئیکونز سے ظاہر ہوتا ہے کہ اس کا نیوی گیشن لے آؤٹ یوٹیوب کے بجائے انسٹاگرام سے زیادہ مشابہ ہوگا۔
اسی طرح نوٹیفکیشنز سے متعلق کوڈز بھی اشارہ دیتے ہیں کہ ٹمبا محض ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم کے بجائے ایک مکمل سوشل میڈیا ایپ ہوسکتی ہے۔
مجوزہ ایپ میں صارفین ایک دوسرے کو فالو کرنے کے علاوہ فالو ریکوئسٹس بھی بھیج اور منظور کرسکیں گے۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ ایک اور کوڈ سے کمنٹس کے جوابات میں وائس نوٹ بھیجنے کی سہولت کا اشارہ ملا ہے۔
تاہم ابھی یہ کہنا قبل از وقت ہوگا کہ گوگل اس ایپ کو باضابطہ طور پر متعارف کرائے گا یا نہیں، کیونکہ فی الحال اس پر کام جاری ہونے کے شواہد سامنے آئے ہیں۔
یہ امکان بھی موجود ہے کہ گوگل الگ ایپ متعارف کرانے کے بجائے ٹمبا کے فیچرز کو یوٹیوب کے اندر ہی ایک مخصوص سیکشن میں شامل کردے۔
واضح رہے کہ یوٹیوب نے گزشتہ چند ماہ کے دوران پرائیویٹ میسجنگ کا فیچر متعارف کرایا تھا، جسے بتدریج مزید صارفین تک توسیع دی جا رہی ہے، جبکہ کمپنی نے گروپ چیٹس متعارف کرانے کا بھی وعدہ کیا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments