شیر کے حملے سے نوجوان کی ہلاکت کا مقدمہ، ورثا نے ملزمان کو معاف کر دیا

لاہور: (محمد اشفاق) کاہنہ میں شیر کے حملے سے شہری طلحہ کی ہلاکت کے مقدمے میں اہم پیش رفت ہوئی ہے، جاں بحق نوجوان کے ورثا نے اللہ کی رضا کی خاطر گرفتار دونوں ملزمان کو معاف کر دیا، جس کے بعد عدالت نے ملزمان کی ضمانت منظور کرتے ہوئے رہائی کا حکم دے دیا۔

ماڈل ٹاؤن کچہری میں کیس کی سماعت جوڈیشل مجسٹریٹ قیصر ریاض نے کی۔ پولیس نے گرفتار ملزمان فیاض احمد اور نعمان حسن کو عدالت میں پیش کرکے تفتیش کے لیے سات روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔

دورانِ سماعت طلحہ کے قانونی ورثا بھی عدالت میں پیش ہوئے اور اپنا بیان ریکارڈ کراتے ہوئے بتایا کہ وہ اللہ کی رضا کی خاطر دونوں ملزمان کو معاف کرتے ہیں۔ ورثا کی جانب سے بیان کے ساتھ بیانِ حلفی بھی جمع کرایا گیا۔

سرکاری وکیل نے راضی نامے کی مخالفت کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ ملزمان نے سنگین جرم کیا ہے، اس لیے ان کا جسمانی ریمانڈ دیا جائے۔

عدالت نے پولیس کی استدعا مسترد کرتے ہوئے دونوں ملزمان فیاض احمد اور نعمان حسن کی 50، 50 ہزار روپے کے ضمانتی مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کر لی اور رہائی کا حکم دے دیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...