نئے صوبوں کا قیام اب قومی مطالبہ بن چکا ہے: محمد علی درانی
لاہور: (دنیا نیوز) سابق وفاقی وزیر محمد علی درانی نے کہا ہے کہ پاکستان میں چھوٹے صوبوں کے قیام اور مقامی حکومتوں کی ضرورت ایک بڑا تنازع بن چکی ہے، اس وقت بڑے حکمران اور چھوٹے صوبے آمنے سامنے آگئے ہیں، نئے صوبوں کے قیام کی تحریک بہاولپور سے شروع کی تھی، آج یہ ایک قومی مطالبہ بن چکا ہے۔
محمد علی درانی نے کہا کہ بہاولپور میں نہ نفرتیں ہیں اور نہ ہی بڑی جاگیرداری، وہاں ریاستی باشندوں سمیت بھارت سے ہجرت کرکے آنے والے لوگ بھی آباد ہوئے، عام طور پر کہا جاتا ہے کہ چار صوبوں نے پاکستان بنایا، حقیقت یہ ہے کہ بہاولپور اور خیرپور کی ریاستوں نے بھی قیام پاکستان میں کردار ادا کیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ بہاولپور صوبے کی بحالی کے ساتھ نئے صوبوں کے قیام کی تحریک شروع کی، اصل سوچ یہ تھی کہ پاکستان میں مڈل کلاس کے نوجوان ملک کی باگ ڈور سنبھالیں۔
محمد علی درانی نے کہا کہ سندھ اسمبلی کے ارکان کی تقاریر سن کر دکھ ہوا، کیا اسمبلی میں بیٹھے لوگوں پر دباؤ ڈال کر آئین کا راستہ روکا جا سکتا ہے؟ ان کے بقول سندھ اسمبلی میں نئے صوبوں کے قیام کی مخالفت کرکے نہ صرف اپنے صوبے بلکہ دیگر علاقوں میں بھی اس عمل کو روکنے کی کوشش کی گئی۔
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ آئین کی خلاف ورزی کرنے والوں پر آرٹیکل 6 لگنا چاہیے۔ تین صوبوں کی اسمبلیوں نے نئے صوبوں کے قیام کے لیے قراردادیں منظور کیں، جبکہ آج بیوروکریسی، دانشور اور دیگر طبقات بھی نئے صوبوں کی بات کر رہے ہیں۔
محمد علی درانی نے اٹھارویں ترمیم پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ ترمیم دو مرتبہ وزیراعظم بننے کی پابندی ختم کرنے اور خیبرپختونخوا کا نام تبدیل کرنے کے لیے منظور کی گئی، جبکہ صوبوں کے وسائل میں حصہ بڑھا کر 57 فیصد تک کر دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ ترمیم کی منظوری کے دوران سوال اٹھایا تھا کہ یہ وسائل صوبوں کو دیے جا رہے ہیں یا وزرائے اعلیٰ کو؟ 2010ء سے اب تک کئی مرتبہ آواز اٹھائی کہ صوبوں کو ملنے والا پیسہ عوام پر کیوں خرچ نہیں ہوا۔
سابق وفاقی وزیر نے دعویٰ کیا کہ وہ واحد رکن تھے جنہوں نے اٹھارویں ترمیم کے حق میں ووٹ نہیں دیا، اٹھارویں ترمیم سے پہلے ہم لٹے ہوئے تھے، اب لٹ پٹ گئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ دو خاندانوں نے اس ملک پر حکمرانی کی ہے، اڑھائی کروڑ بچے سکولوں سے باہر ہیں جبکہ دانش سکولوں میں ایک بچے پر اتنا خرچ کیا جا رہا ہے جس سے 100 بچوں کو تعلیم دی جا سکتی ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments