لاہور ہائیکورٹ نے اقدام قتل کے ملزم کی سزا کالعدم قرار دے دی

لاہور: (محمد اشفاق) لاہور ہائیکورٹ نے اقدام قتل اور زخمی کرنے کے مقدمے میں ملزم کی سزا کالعدم قرار دیتے ہوئے قرار دیا ہے کہ استغاثہ کے گواہوں پر جرح کا مؤثر موقع فراہم کیے بغیر کسی ملزم کی سزا برقرار نہیں رکھی جا سکتی۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس غلام سرور نہنگ نے ملزم عرفان عرف کالا کی فوجداری نظرثانی درخواست پر 11 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا، فیصلے کے مطابق ملزم دوران ٹرائل جیل میں تھا اور استغاثہ کے گواہوں کے بیانات اس کے وکیل کی عدم موجودگی میں قلمبند کیے گئے، تاہم ان گواہوں پر جرح نہیں کی گئی۔

عدالت نے قرار دیا کہ ٹرائل کورٹ نے یہ تعین نہیں کیا کہ آیا ملزم نے جرح کے حق سے باخبر اور رضاکارانہ طور پر دستبرداری اختیار کی تھی یا نہیں۔

عدالت نے اپنے فیصلے میں واضح کیا کہ آئین کے آرٹیکل 10-A کے تحت ہر ملزم کو منصفانہ ٹرائل اور مؤثر دفاع کا حق حاصل ہے کہ کسی ملزم کو استغاثہ کے گواہوں پر جرح کے حق سے محروم نہیں کیا جا سکتا، اگر کوئی ملزم اپنی مرضی سے یہ حق چھوڑنا چاہتا ہے تو عدالت کو اس کی رضاکارانہ اور واضح دستبرداری ریکارڈ کرنا ہوگی۔

فیصلے میں قرار دیا گیا کہ پنجاب لیگل ایڈ ایکٹ 2018 کے تحت اگر کوئی مستحق ملزم وکیل کرنے کی استطاعت نہیں رکھتا تو عدالت کی ذمہ داری ہے کہ اسے قانونی معاونت حاصل کرنے کے حق سے آگاہ کرے، ٹرائل کورٹ نے ملزم کی مالی حیثیت کا جائزہ لینے اور اسے قانونی معاونت کے طریقہ کار سے آگاہ کرنے کے تقاضے پورے نہیں کیے۔

عدالتی فیصلے کے مطابق ملزم عرفان عرف کالا کو ٹرائل کورٹ نے 20 اپریل 2024 کو دفعہ 324 اور 337-A(iv) تعزیرات پاکستان کے تحت سات، سات سال قید اور جرمانوں کی سزا سنائی تھی، جبکہ دفعہ 337-D کے تحت بھی سات سال قید اور 14 لاکھ 39 ہزار 508 روپے ارش ادا کرنے کا حکم دیا گیا تھا۔

اس کے علاوہ زخمی محمد رمضان کو چھ لاکھ روپے معاوضہ ادا کرنے کی سزا بھی سنائی گئی تھی، ایڈیشنل سیشن جج خانیوال نے 25 جون 2024 کو ملزم کی اپیل مسترد کرتے ہوئے سزا برقرار رکھی تھی۔

استغاثہ کے مطابق 17 جون 2020 کو خانیوال میں ملزم عرفان عرف کالا اور اس کے ساتھیوں نے ایک ہوٹل پر بیٹھے محمد رمضان پر حملہ کیا تھا اور ملزم نے ٹوکے کا وار کرکے اس کے سر کے بائیں جانب زخمی کیا تھا، واقعے کا مقدمہ تھانہ صدر خانیوال میں درج کیا گیا تھا۔

لاہور ہائیکورٹ نے ٹرائل کورٹ اور اپیلیٹ کورٹ کے فیصلے کالعدم قرار دیتے ہوئے مقدمہ استغاثہ کے شواہد ریکارڈ کرنے کے مرحلے سے دوبارہ ٹرائل کے لیے بھجوا دیا۔

عدالت نے ہدایت کی کہ ملزم کو اپنی پسند کا وکیل مقرر کرنے کا مناسب موقع دیا جائے اور اگر وہ وکیل کرنے کی استطاعت نہ رکھنے کا مؤقف اختیار کرے تو قانونی معاونت کے لیے قانون کے مطابق کارروائی کی جائے، عدالت نے غیر ضروری التوا سے گریز کرتے ہوئے مقدمے کی جلد تکمیل کا بھی حکم دے دیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...