پاکستان کا جی 20 میں شمولیت کا خواب اگلی دو دہائیوں میں پورا ہو سکتا ہے: قیصر احمد شیخ
چنیوٹ: (دنیا نیوز) وفاقی وزیرِ سرمایہ کاری قیصر احمد شیخ نے کہا ہے کہ پاکستان کا جی 20 میں شمولیت کا خواب اگلی دو دہائیوں پورا ہو سکتا ہے۔
چنیوٹ میں نجی یونیورسٹی کے کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے قیصر احمد شیخ کا کہنا تھا کہ پاکستان آئندہ 20 سال میں دنیا کی بڑی معیشتوں کے گروپ جی 20 کا رکن بننے کی صلاحیت رکھتا ہے، ملک میں کاروبار اور سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں، کامیابی کے لیے بیرون ملک جانا ضروری نہیں۔
اُنہوں نے کہا پاکستان 25 کروڑ آبادی اور بے پناہ قدرتی وسائل کا حامل ملک ہے، نوجوان ملکی ترقی کا سب سے بڑا سرمایہ ہیں، انہیں چاہیے کہ اپنی صلاحیتوں کو ملک کی تعمیر و ترقی کے لیے بروئے کار لائیں۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ خواتین کو اعلیٰ تعلیم کے مواقع فراہم کرنا اور نوجوانوں کو جدید مہارتوں سے آراستہ کرنا ملکی ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔
قیصر احمد شیخ نے کہا کہ جنوبی کوریا نے ماضی میں پاکستان کی منصوبہ بندی سے استفادہ کیا، جبکہ پاکستان میں ماضی میں 6 سے 7 فیصد تک معاشی ترقی کی شرح بھی ریکارڈ کی گئی۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں معاشی ترقی اور سرمایہ کاری کے بے شمار امکانات موجود ہیں، ضرورت اس امر کی ہے کہ نوجوان ان مواقع سے فائدہ اٹھائیں اور ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments