ریکوڈک منصوبہ پاکستان کے معاشی مستقبل کیلئے کلیدی اہمیت رکھتا ہے: وزیراعظم

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف سے بیرک مائننگ کارپوریشن کے چیئرمین جان تھورنٹن کی سربراہی میں وفد نے ملاقات کی۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان قدرتی وسائل اور معدنی دولت سے مالا مال ملک ہے، ان وسائل سے استفادہ کرکے بلوچستان کی ترقی اور عوام کی خوشحالی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ریکوڈک جیسے بڑے منصوبوں سے بلوچستان کے عوام کے لیے روزگار، ہنرمندی اور معاشی ترقی کے نئے مواقع پیدا ہوں گے، مقامی نوجوانوں کو روزگار اور ہنرمندی کے مواقع فراہم کرنا اور اردگرد کی آبادیوں کی ترقی یقینی بنانا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے وسیع معدنی وسائل کو بروئے کار لانے اور عالمی سرمایہ کاری کے لیے نئے مواقع پیدا کرنے کے لیے پرعزم ہے، ریکوڈک منصوبہ پاکستان کے معدنی شعبے میں سرمایہ کاری کا اہم سنگ میل اور ملکی معاشی مستقبل کے لیے کلیدی اہمیت رکھتا ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ریکوڈک منصوبے کی کامیابی پاکستان میں مستقبل کی معدنی سرمایہ کاری کے لیے مثالی معیار قائم کرے گی، معدنی شعبے کی ترقی کے لیے تجارت، سرمایہ کاری، بنیادی ڈھانچے اور جدید ٹیکنالوجی پر مبنی سازگار ماحول تشکیل دیا جا رہا ہے۔

ملاقات میں پاکستان میں معدنی شعبے کے لیے موزوں پالیسی، ریگولیٹری اور بنیادی ڈھانچے کے نظام پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم نے ریکوڈک کے علاوہ بھی پاکستان کے معدنی شعبے کی ترقی کے لیے بیرک مائننگ کارپوریشن کی مہارت اور تجربے سے استفادہ کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔

وفد نے منرلز انویسٹمنٹ فورم کے انعقاد کو پاکستان میں معدنی ترقی کی جانب اہم قدم قرار دیا اور کراچی و گوادر میں منرل پراسیسنگ کی صنعت کے قیام میں سرمایہ کاری کے لیے گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔

ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزراء محمد اورنگزیب، علی پرویز ملک، معاونین خصوصی طارق فاطمی، لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد ظفر اقبال اور متعلقہ اعلیٰ حکام بھی شریک ہوئے۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...