"DRA" (space) message & send to 7575

امریکہ مڈٹرم انتخابات کے بعد…(2)

صدر ڈونلڈ ٹرمپ مڈ ٹرم الیکشن میں ڈیموکریٹک پارٹی کو کانگریس میں اکثریت حاصل کرنے سے روکنے کیلئے ڈیموکریٹک کی جیت کو امریکی مفاد کے منافی قرار دیتے رہے‘ ڈیموکریٹک پارٹی کے بعض سرکردہ امیدواروں پر بے جا الزامات بھی عائد کئے حتیٰ کہ عام روایت سے ہٹ کر اپنی ریپبلکن پارٹی کے امیدواروں کی انتخابی مہم میں خود حصہ لیا‘ لیکن امریکی عوام نے ان انتخابات میں ان کی پارٹی کو ایسی شکست دی کہ وہ خود اسے ناقابلِ یقین کہنے پر مجبور ہو گئے۔ مگر بیرونی محاذ پر وہ اب بھی جنگی جنون پر تلے ہوئے ہیں اور مشرقِ وسطیٰ اور خلیجِ فارس کے اردگرد سمندروں میںفوجی اور بحری طاقت جمع کر رکھی ہے۔ علاوہ ازیں صدر ٹرمپ اعلان کر چکے ہیں کہ ایران سے نمٹنے کے بعد وہ کیوبا کی بھی خبر لیں گے۔ کیا صدر ٹرمپ مڈٹرم انتخابات میں کانگریس کے دونوں ایوانوں‘ ایوانِ نمائندگان اور سینیٹ پر کنٹرول کھو جانے کے بعد بھی خارجہ معاملات میں اپنے ایجنڈے پر عمل کرسکیں گے؟ مڈٹرم انتخابات کے نتائج ٹرمپ کی صدارتی مدت کے آخری دو برسوں میں امریکہ کی خارجہ پالیسی پر کسی حد تک اثرانداز ہوں گے؟ آج کل امریکی اور بیرونی میڈیا ان سوالات میں کافی بحث ہو رہی ہے۔
امریکی سیاسی نظام تقسیمِ اختیارات کے نظریے پر مبنی ہے‘ جس کے تحت ریاست کے اختیارات کو تین اداروں مقننہ (کانگریس)‘ عدلیہ (سپریم کورٹ) اور انتظامیہ (صدر) کے درمیان اس طرح تقسیم کیا گیا ہے کہ ہر ادارہ آزادانہ طور پر اور بلاشرکتِ غیرے اپنے اختیارات استعمال کرنے کا حق رکھتا ہے‘ مگر اس کے ساتھ چیک اینڈ بیلنس کا بھی ایسا نظام موجود ہے جس کے تحت کوئی ادارہ مطلق العنانی یا من مانی کا راستہ اختیار نہیں کر سکتا۔ آئین میں درج اختیارات کی تقسیم کے فارمولے کے تحت خارجہ پالیسی یعنی دوسرے ملکوں کے ساتھ تعلقات اور جنگ اور امن کا فیصلہ کرنے کا اختیار صدر کے پاس ہے۔ چونکہ امریکہ کا صدر ملک کا سربراہ ہی نہیں بلکہ تمام انتظامی اختیارات کا بھی مالک ہے‘ اس لیے امریکی آئین کے تحت اسے ایگزیکٹو آرڈر جاری کرنے کا وسیع اور تقریباً لامحدود اختیار حاصل ہے۔ صدر ٹرمپ نے اپنے گزشتہ دو برس کے دورِ حکومت میں دنیا کے مختلف ممالک کے ساتھ تجارت میں امریکی معیشت کو فائدہ پہنچانے کے لیے جو بھاری ٹیرف عائد کیے تھے وہ ایگزیکٹو آرڈر کی صورت میں جاری کیے تھے۔ اسی طرح ملک کے اندر بعض شہروں میں مبینہ طور پر امن و امان کی صورتِ حال یا جرائم پر قابو پانے کیلئے نیشنل گارڈز کی تعیناتی بھی ایگزیکٹو آرڈرز کے ذریعے کی گئی تھی۔آئین کے تحت امریکہ کا صدر ملک کی مسلح افواج اور نیشنل گارڈز کا کمانڈر انچیف ہے مگر کسی ملک کے خلاف اعلانِ جنگ کا اختیار کانگریس کے پاس ہے۔ تاہم امریکہ کے بیشتر صدور نے کانگریس کی باقاعدہ اجازت لیے بغیر بھی جنگیں لڑی ہیں۔ ان میں کوریا (1950-52ء)‘ ویتنام (1954-73ء) اور 28 فروری 2026ء کو ایران کے خلاف شروع کی جانے والی جنگ شامل ہیں۔ 1973ء میں جب ویتنام کی جنگ کو خطرناک حد تک توسیع دی جا رہی تھی تو کانگریس نے ایک قرارداد کے ذریعے‘ کانگریس کی اجازت کے بغیر امریکی افواج کو متواتر 60 دن سے زیادہ میدانِ جنگ میں صف آرا کرنے سے منع کر دیا تھا مگر اس کے بعد بھی دوسرے ملکوں کے خلاف امریکہ کی فوجی کارروائیاں اور محدود جنگیں جاری رہیں۔ اس کی تازہ ترین مثال ایران کے خلاف جنگ ہے جسے کانگریس کی اجازت کے بغیر صدر ٹرمپ گزشتہ آٹھ ماہ سے زیادہ عرصے سے جاری رکھے ہوئے ہیں۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ ملک کا چیف ایگزیکٹو ہونے کی وجہ سے امریکہ کا آئین صدر کو اختیار دیتا ہے کہ وہ اپنی صوابدید کے مطابق ملک کے اندر غیر معمولی حالات یا بین الاقوامی سطح پر اہم جیوپولیٹکل تبدیلیوں سے پیدا ہونے والے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کیلئے انتظامیہ کی تمام مشینری‘ جس میں مسلح افواج اور نیشنل گارڈز بھی شامل ہیں‘ کو حرکت میں لا سکتا ہے۔ جہاں تک ایران کے خلاف مزید جنگ کا معاملہ ہے‘ صدر ٹرمپ نے اسے خارج از امکان قرار نہیں دیا بلکہ ایک بھرپور حملے کی تیاریاں مکمل کر رکھی ہیں لیکن نائب صدر جے ڈی وینس ایران کے خلاف جنگ کو مڈٹرم انتخابات میں ریپبلکن پارٹی کے امیدواروں کی شکست کی ایک بڑی وجہ قرار دے چکے ہیں اور کانگریس کے دونوں ایوانوں کا کنٹرول سنبھالنے والی ڈیموکریٹک پارٹی کے اہم رہنما اعلان کر چکے ہیں کہ جنوری میں اپنی نشستوں پر عہدوں کا حلف اٹھانے کے بعد وہ صدر ٹرمپ پر اس جنگ کو ختم کرنے کیلئے دباؤ ڈالیں گے۔اسی طرح ٹرمپ کے پاس تقریباً دو مہینے کا وقت ہے۔ اس دوران میں اگر وہ چاہیں توکانگریس کی طرف سے کسی رکاوٹ کے بغیر ایران پر حملہ کر سکتے ہیں۔ اس لیے کہا جا رہا ہے کہ آئندہ ایک دو ماہ کا عرصہ ایران امریکہ جنگ کے حوالے سے بہت اہم ہوگا۔
اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کی طرف سے دباؤ کے علاوہ صدر ٹرمپ کی کابینہ کے بعض ارکان بھی جنگ جاری رکھنے کے حق میں ہیں لیکن نائب صدر جے ڈی وینس اور خلیجی ممالک اس کی مخالفت کر رہے ہیں۔ اگر جنوری تک ایران امریکی محاذ پر صورتِ حال جوں کی توں رہی تو صدر ٹرمپ کو اس جنگ کو لپیٹنے کیلئے ڈیموکریٹک پارٹی کی اکثریت والی کانگریس کے دباؤ کا سامنا کرنا پڑے گا۔ یہ دباؤ دو صورتوں میں ڈالا جا سکتا ہے‘ ایک یہ کہ کانگریس 1973ء کی قرارداد میں مزید اور سخت شرائط کا اضافہ کر کے صدر کے لیے کسی بھی آئندہ جنگ کا آغاز کرنے سے پہلے کانگریس کی اجازت لازمی قرار دے دے۔ دوسرے کانگریس کو چونکہ مالی اختیارات پر کلیتاً اختیار حاصل ہے‘ اس لیے اگر صدر ٹرمپ کانگریس کی کسی قرارداد کو نظرانداز یا بائی پاس کر کے جنگ جاری رکھتے ہیں تو کانگریس اس جنگ کیلئے درکار فنڈز منظور کرنے سے انکار کر دے۔ اس صورت میں صدر ٹرمپ کے لیے ایران کے خلاف جنگ جاری رکھنا مشکل ہو جائے گا کیونکہ ویتنام کی جنگ بھی کانگریس کی طرف سے فنڈز روکنے کی وجہ سے اختتام پذیر ہوئی تھی۔
ایران جنگ کے حوالے سے دو ماہ کا یہ عرصہ اس لیے بھی خطرناک اور غیر یقینی صورتِ حال کا حامل قرار دیا جا رہا ہے کہ صدر ٹرمپ اس جنگ سے فاتح کی حیثیت سے نکلنا چاہتے ہیں مگر ایران انہیں یہ موقع فراہم نہیں کر رہا۔ جنگ کے علاوہ مذاکرات کے ذریعے بھی صدر ٹرمپ کا مقصد پورا نہیں ہوا۔ اور اگر آئندہ برس تک یہی صورتِ حال رہی تو نہ صرف صدر ٹرمپ بلکہ آئندہ صدارتی انتخابات میں ریپبلکن پارٹی کو بھی سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔ ڈیموکریٹک پارٹی نے اعلان کر رکھا ہے کہ کانگریس کے دونوں ایوانوں کا چارج سنبھالنے کے بعد وہ صدر ٹرمپ کے دور میں ہونے والی بدعنوانیوں‘ بے ضابطگیوں اور آئینی روگردانیوں پر مبنی تحقیقات کا آغاز کرے گی۔ امریکہ میں بعض حلقے صدر ٹرمپ کی طرف سے ایران پر آخری زوردار حملے کو یقینی سمجھتے ہیں تاکہ ٹرمپ امریکی عوام کے سامنے خود کو ایران جنگ میں ایک فاتح کے طور پر پیش کر سکیں‘ دوسری طرف ایران بھی تیار ہے۔ ٹرمپ کے حملے سے اسے وسیع نقصان تو ہو سکتا ہے مگر جنگ جاری رہے گی۔ یہی وہ منظرنامہ ہے جس سے بچنے کیلئے امریکی ووٹرز نے مڈٹرم انتخابات میں ٹرمپ کی پارٹی کو ووٹ نہیں دیے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...