کوہاٹ میں سونا نکالتے ہوئے مٹی کا تودہ گرنے سے 3 مزدور جاں بحق

کوہاٹ: (ویب ڈیسک) خیبر پختونخوا کے ضلع کوہاٹ کی تحصیل گمبٹ میں سونے کی غیر قانونی کان کنی کے دوران مٹی کا تودہ گرنے سے 3 مزدور جاں بحق ہو گئے ہیں۔

گمبٹ پولیس کے مطابق یہ واقعہ آج صبح درہ بوکاچ کے علاقے میں پیش آیا جہاں سونا نکالنے کی کوششوں کے دوران مٹی کا تودہ گرا جس کے نیچے 3 مزدور دب گئے۔

پولیس کے مطابق ملبے تلے دبے مزدوروں کی لاشیں نکال کر مقامی اسپتال منتقل کر دی گئیں ہیں۔ اس سے قبل جنوری میں اسی تحصیل میں سونا نکالنے کے دوران تودہ گرنے سے 8 افراد جاں بحق ہو گئے تھے۔

واضح رہے کہ کوہاٹ میں دریائے سندھ کے کنارے مختلف علاقوں میں سونے کی غیر قانونی کان کنی کی جاتی ہے جس کے بارے میں گورنر خیبر پختونخوا نے گزشتہ روز ایک پریس کانفرنس میں کہنا تھا کہ اس علاقے سے ہر مہینے “90 کلوگرام سونا نکالا جا رہا تھا”۔

ان کے مطابق بدھ کو کوہاٹ میں سونےکی غیرقانونی کان کنی کے خلاف آپریشن کے دوران پولیس پر حملہ کیا گیا جس میں ڈی ایس پی سمیت 10 پولیس اہلکار شہید ہوئے۔

اس واقعے کے بارے میں خیبرپختونخوا پولیس کا کہنا تھا کہ حملہ غیر قانونی سونے کی کان کنی کے خلاف آپریشن مکمل کرکے واپس آنے والی پولیس پارٹی پر کیا گیا جس کے جواب میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 18 حملہ آور ہلاک کیے۔

واقعے کے بعد گورنر فیصل کریم کنڈی نے صوبے میں سونے کی کان کنی کے تمام لیز معاہدے منسوخ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ آج کے بعد صوبے میں کسی کو بھی سونے کی کان کنی کی اجازت نہیں ہوگی۔

انہوں نے ٹھیکیداروں کو خبردار کیا کہ غیر قانونی کان کنی بند کر کے ایک ہفتے میں ہیوی مشینری ہٹا لیں بصورت دیگر تمام مشینری ضبط کرلی جائے گی۔

دوسری جانب سرکاری ٹی وی پر آج صبح چلنے والی ایک رپورٹ کے مطابق ”خیبر پختونخوا پولیس اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے نوشہرہ اور کوہاٹ میں غیر قانونی سونے کی کان کنی مافیا کیخلاف بڑے پیمانے پر آپریشن کیا گیا ہے جس کے دوران غیر قانونی کان کنی میں استعمال ہونے والی تمام بھاری مشینری نذرِ آتش کر دی گئی۔“

یہ بھی یاد رہے کہ گزشتہ روز کی گئی میڈیا ٹاک میں گورنر کے پی نے مختلف سیاسی جماعتوں سے وابستہ 12 سیاست دانوں پر سونے کی غیر قانونی کان کنی میں ملوث پائے جانے کا الزام عائد کیا تھا۔

انہوں نے صوبے کے وسائل لوٹے جانے پرتشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ ”کان کنی کے لیے قوانین پر عمل درآمد لازمی ہے۔ معدنی وسائل کی غیرقانونی ترسیل روکنے کے لیے چیکنگ سخت کی جائے گی اور بغیر لیز کان کنی کرنے والوں کے خلاف مقدمات درج ہوں گے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...