پنجاب میں جرائم کی مجموعی شرح میں تقریباً 70 فیصد تک کمی خوش آئند ہے، مریم نواز

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب میں جرائم کی مجموعی شرح میں تقریباً 70 فیصد تک کمی کا رجحان خوش آئند ہے۔

بین الاقوامی سطح پر منظم جرائم کی روک تھام اور ان کے خلاف جدوجہد کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں مریم نواز شریف نے کہا کہ انسانی اسمگلنگ، منشیات اور غیر قانونی سرگرمیوں کا سدباب وقت کی اہم ضرورت ہے۔ جرائم سے پاک معاشرے کے قیام کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مزید مؤثر اور فعال کردار ادا کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ منظم جرائم معاشرے کے امن، استحکام اور ترقی کے لیے سنگین خطرہ ہیں، ان کی روک تھام کے لیے ہر سطح پر مشترکہ اقدامات ناگزیر ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ لاہور میں جرائم کی شرح میں مجموعی طور پر 41 فیصد، ڈیرہ غازی خان میں 16 فیصد، بہاولپور میں 52 فیصد اور شیخوپورہ میں 32 فیصد کمی آئی ہے۔

ان کے مطابق ملتان میں جرائم کی شرح میں 47 فیصد، راولپنڈی میں 36 فیصد، ساہیوال میں 42 فیصد، گوجرانوالہ میں 67 فیصد اور گجرات میں 58 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب میں ڈسٹرکٹ سیف سٹی اتھارٹیز، موبائل پولیس اسٹیشنز اور ڈیجیٹل اسمارٹ پولیسنگ کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جرائم پیشہ نیٹ ورکس کے مکمل خاتمے کے لیے باہمی تعاون اور مشترکہ حکمت عملی ضروری ہے۔ منظم جرائم کے خلاف جنگ میں جدید ٹیکنالوجی اور انٹیلی جنس شیئرنگ اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ قانون کی بالادستی، عوام کے تحفظ اور جرائم کے خاتمے کے لیے اجتماعی کوششیں ضروری ہیں۔ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی ریاست کی ذمہ داری ہے جبکہ قانون کی حکمرانی کے بغیر جرائم سے پاک معاشرے کا قیام ممکن نہیں۔

مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ خواتین اور بچوں کو انسانی اسمگلنگ اور استحصال سے محفوظ بنانا اجتماعی ذمہ داری ہے۔ نوجوانوں کو منشیات اور جرائم پیشہ سرگرمیوں سے محفوظ رکھنا بھی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام میں شعور اور آگاہی منظم جرائم کی روک تھام میں مؤثر کردار ادا کر سکتی ہے۔ محفوظ معاشرے کے لیے پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی استعداد کار بڑھانا ضروری ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ جرائم کے خلاف جنگ میں عالمی اداروں اور متعلقہ ممالک کے درمیان تعاون وقت کی اہم ضرورت ہے۔ پرامن، محفوظ اور انصاف پر مبنی معاشرے کی تشکیل حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...