ای سی او اجلاس علاقائی سفارت کاری، معاشی تعاون کا اہم موقع

ای سی او اجلاس علاقائی سفارت کاری، معاشی تعاون کا اہم موقع

پاکستان کو وسط ایشیائی منڈیوں تک رسائی، علاقائی تجارت توانائی پر توجہ دینا ہوگی اجلاس کی کامیابی کا انحصار مشترکہ اعلا میہ کے بجائے اسکے عملی نتائج پر ہوگا ،تجزیہ کار

اسلام آباد(الماس حیدر نقوی)ای سی او وزرا ئے خارجہ کونسل کا اجلاس پاکستان کے لئے علاقائی سفارت کاری، معاشی تعاون اور جغرافیائی سیاسی اہمیت کے حوالے سے ایک اہم موقع قرار دیا جا رہا ہے ، 1985 میں پاکستان، ایران اور ترکیہ کے اشتراک سے قائم ہونے والی ای سی او 10 ممالک پر مشتمل تنظیم ہے ، جس کا جغرافیائی دائرہ جنوبی ، وسط اور مغربی ایشیا تک پھیلا ہے ،تقریباً 50 کروڑ آبادی پر مشتمل یہ خطہ قدرتی وسائل، توانائی کے ذخائر اور بین الاقوامی تجارتی راستوں کے اعتبار سے غیر معمولی اہمیت رکھتا ہے ،پاکستان کے لئے ای سی او کی اہمیت اس کے سٹر ٹیجک محل وقوع میں پوشیدہ ہے ،کراچی، پورٹ قاسم اور گوادر کی بندرگاہیں وسط ایشیائی خشکی میں محصور ریاستوں کو بحیرہ عرب اور عالمی منڈیوں تک رسائی فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔

اس تناظر میں چین پاکستان اقتصادی راہداری ( سی پیک )، پاکستان، افغانستان اور ازبکستان کے درمیان مجوزہ ریلوے رابطہ اور ایران کے راستے علاقائی تجارت خصوصی اہمیت رکھتے ہیں ،ماہرین کے مطابق عالمی طاقتوں کے درمیان بڑھتی ہوئی مسابقت کے تناظر میں ای سی او چین، روس، ایران اور ترکیہ سمیت علاقائی ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کا مؤثر پلیٹ فارم بن سکتی ہے ،اسلام آباد کو اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے علاقائی تجارتی رکاوٹوں کے خاتمے ، کسٹمز نظام میں ہم آہنگی، ٹرانزٹ سہولتوں، سرمایہ کاری اور مشترکہ اقتصادی منصوبوں کے لئے قابل عمل اقدامات کو آگے بڑھانا ہوگا ،تجزیہ کاروں کے مطابق اجلاس کی حقیقی کامیابی کا تعین مشترکہ اعلا میہ کے بجائے عملی نتائج سے ہوگا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...