دورہ پاکستان : سری لنکن کرکٹرز کی ناں کو ہاں میں بدلنے کی کوشش
دورے کی صورتحال آج واضح ہو گی، سری لنکن وزیر کھیل اور کرکٹ سری لنکا حکام ملاقات کر کے کرکٹرز کو پاکستان آنے کیلئے قائل کرنے کی کوشش کرینگے محدود وقت کے باوجود کراچی اور لاہور میں ون ڈے اور ٹی 20سیریز کی تیاریاں جاری ہیں ، جیسی بھی ٹیم آئے ، اسے کھلے دل سے قبول کرینگے :پی سی بی
کراچی (سپورٹس رپورٹر)سری لنکا کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کی صورتحال آج واضح ہوجائے ،سری لنکن وزیرکھیل اور کرکٹ سری لنکا کے حکام اپنے کرکٹرزسے ملاقات کرکے انہیں پاکستان آنے کیلئے قائل کرینگے ۔ذرائع کے مطابق پاکستان نے سری لنکن ٹیسٹ کپتان دیموتھ کرونا رتنے ، فاسٹ باؤلر لسیتھ ملنگا ، آل راؤنڈر انجیلو متھیوز سمیت دیگر 9کھلاڑیوں کے دو رے سے انکار کے بعد پی سی بی نے کرکٹ سری لنکا سے رابطہ کیا ہے تاکہ باہمی سیریز پر چھائے خدشات کے بادل ختم کئے جا سکیں اور سری لنکن وزیر کھیل ہرین فرنینڈو پربھی مقابلوں کو یقینی بنانے کیلئے اپنا کردار ادا کرنے پر زور دیاگیا ہے ۔ پی سی بی ذرائع کے مطابق تکنیکی طور پر کھلاڑیوں کو دورہ پاکستان پر قائل کرنا کرکٹ سری لنکا کا اندرونی معاملہ ہے لہٰذا اس معاملے پر آفیشل بیان نہیں دے سکتے ۔ دونوں ٹیموں کے مابین باہمی سیریز کا آغاز 25 ستمبر سے ہونا ہے اور سری لنکن کھلاڑیوں کے انکار کے باوجود کراچی اور لاہور میں باہمی میچوں کی میزبانی کیلئے بھرپور انداز میں تیاریاں جاری ہیں۔ اطلاعات کے مطابق سری لنکا کے سینئر پلیئرز دیموتھ کرونارتنے ،لسیتھ ملنگا اور انجیلو میتھیوز سمیت دیگر کھلاڑیوں نے اہلخانہ کی جانب سے سکیورٹی کو جواز بنا کر پاکستان کا دورہ کرنے سے انکار کر دیا ہے ۔ سری لنکن بورڈ میں ایک تجویز یہ بھی سامنے آئی ہے کہ اگر سینئر کھلاڑی دورے پر نہیں جاتے ہیں تو ان کی جگہ دوسرے کھلاڑیوں کو موقع دیا جائے گا۔پی سی بی ذرائع کے مطابق کرکٹ سری لنکا دورے کیلئے جیسی بھی ٹیم منتخب کر کے بھیجے گی اس کو کھلے دل کے ساتھ قبول کیا جائے گا تاہم باہمی سیریز کیلئے زیادہ وقت نہ بچنے پر بورڈ کو فکر لاحق ہوگئی ہے کیونکہ محدو د وقت میں لاجسٹک ، انتظامی اور دیگر معاملات نمٹانے ہوں گے ۔ذرائع کے مطابق سری لنکن بورڈ کی جانب سے سینئر کھلاڑیوں کے انکار سے متعلق کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا ہے تاہم دورے کے حوالے سے صورتحال آج واضح ہو جائے گی ۔ واضح رہے کہ تقریباً نو سری لنکن کھلاڑیوں کی جانب سے دورہ پاکستان پر تحفظات کا اظہار کیا گیا ہے جن میں سے تین پلیئرزنے اپنے بورڈ سے باقاعدہ معذرت کر لی ۔ سری لنکن وزیر کھیل ہرین فرنینڈو کرکٹ سری لنکا کے اعلیٰ آفیشلز کے ساتھ آج کھلاڑیوں سے ملاقات کریں گے تاکہ انہیں فول پروف سکیورٹی کی یقین دہانی کروا کردورہ پاکستان کیلئے رضامند کیا جا سکے ۔