جنگل میں وہیل مچھلی کی موجودگی سے سائنسدان بھی پریشان
دنیا بھر میں جنگلی حیات کے ماہرین کے ذہن اس وقت چکرا گئے جب برازیل کے ایمازون جنگلات کے اندر ایک 10 ٹن وزنی مردہ وہیل مچھلی کو دریافت کیا گیا۔
ساؤپالو(نیٹ نیوز)ہمپ بیک وہیل دریائے ایمازون کے جزیرے ماراجو کے جنگلات میں دریافت کی گئی اور سائنسدان یہ سمجھنے سے قاصر ہیں کہ آخر ایک مچھلی سمندر سے اتنی دور اور وہ بھی جنگل کے اندر کیسے پہنچ گئی یا وہ ساحل سے دور کیسے ہوگئی۔مقامی محکمہ صحت، نکاسی آب اور ماحولیات کے مطابق انہیں 11 میٹر لمبی وہیل مچھلی اس وقت ملی جب پرندوں کی بڑی تعداد اس کے ڈھانچے پر ضیافت کیلئے اکھٹی ہوگئی۔برازیل کے بحری حیات کے ماہرین نے مچھلی کا معائنہ کیا ، ان کے بقول وہ کئی دن پہلے مرچکی تھی اورممکنہ طور پرکم عمر تھی جو اپنی ماں سے الگ ہوگئی ۔انہوں نے بتایا کہ ہم اب تک یقین سے نہیں کہہ سکتے کہ یہ آخر یہاں تک کیسے پہنچ گئی مگر اندازہ لگاسکتے ہیں کہ یہ ساحل کے قریب تیر رہی ہوگی اور تند و تیز لہروں کے نتیجے میں وہ ان جنگلات میں آگری۔انہوں نے کہا کہ یہ واقعہ انتہائی حیرت انگیز ہے اور ہم اب تک الجھن کا شکار ہیں کہ برازیل کی شمالی ساحلی پٹی پر ایک ہمپ بیک وہیل کیا کررہی تھی کیونکہ یہ انتہائی غیرمعمولی ہے ۔