کئی اقسام کی پھلیاں ذیابیطس کے مریضوں کیلئے ’’ سپر فوڈ ‘‘قرار
غذائیات پر زور دینے والے ڈاکٹر ذیابیطس کے مریضوں کیلئے لوبیا اور دیگر اقسام کی پھلیوں پر زور دیتے ہیں کیونکہ یہ ذیابیطس کیلئے بہت مفید ثابت ہوسکتی ہیں۔
لندن(نیٹ نیوز)امریکن ڈائبیٹکس ایسوسی ایشن نے کئی اقسام کی پھلیوں کو ذیابیطس کیلئے ’’سپرفوڈ‘‘ قرار دیا ہے ۔ وجہ یہ ہے کہ پھلیاں وٹامن، معدنیات، اینٹی آکسیڈنٹس، فائبر اور دیگر اہم اجزا سے بھرپور ہوتی ہیں ، اسی بنا پر پھلیوں کو ذیابیطس کیلئے سرِفہرست غذا میں شامل کیا جاچکا ہے ۔پھلیوں میں پروٹین ، فائبر اور دیگر معدنیات بھری ہوتی ہیں اور دیگر جسمانی افعال کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ ان کا باقاعدہ استعمال خون میں شکر کی مقدار کو ایک حد میں رکھتا ہے ۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ پھلیوں میں موجود غذائی سالمات بہت حد تک ذیابیطس کے مریضوں کیلئے مفید ثابت ہوسکتے ہیں۔اگرچہ پھلیوں میں کاربوہائیڈریٹ کی خاصی مقدار موجود ہوتی ہے لیکن ان کا گلائسیمک انڈیکس کم ہوتا ہے اور انہیں کھانے کے بعد مریض کے خون میں چینی کی مقدار نہیں بڑھتی۔ دوسری جانب کاربوہائڈریٹس کی کمی بھی دور ہوجاتی ہے۔ حیرت انگیز بات یہ ہے کہ پھلیوں میں موجود پیچیدہ کاربوہائیڈریٹس بہت آہستہ ہضم ہوتے ہیں ۔