تُکے

رمضان میں شیطان اور انقلاب کے منصوبے دونوں بند ہیں ۔ شیطان کو اللہ نے جکڑ دیا ہے اور انقلاب کو رمضان اور گرمی نے ۔ شیطان کے چیلے البتہ اپنے کمالات دکھارہے ہیں اور عوام کو لوٹنے کا سلسلہ جاری ہے ۔انقلاب کو ابھی اگست تک کولڈسٹوریج میں رکھا گیا ہے لیکن انقلابیوں کے ہرکارے تذکروں سے اس کی تجلیاں عوام تک پہنچارہے ہیں۔ رمضان کے بعد روزے داروں کو عید کا تحفہ ملے گا اور عید کے بعد انقلاب کی تیاری ہوگی ۔ اس سے پہلے رمضان ہے جس سے کچھ مسلمان اپنے مطلب کی برکت سے مستفید ہورہے ہیں ۔ 
یہ برکت دکانوں پر اپنا سامان بیچنے والوں کو مل رہی ہے تو ٹی وی پر دوسروں کا سامان بیچنے والوں کو‘ وہ بھی مفت میں ۔ بس خریداروں سے مطالبہ ایک ہی ہے کہ تُکا لگائو۔ اسی کھیل میں لوگوں کو کبھی موٹر سائیکل مل جاتی ہے تو کبھی کوئی دوسرا تحفہ۔ 
اب تو یوں محسوس ہونے لگا ہے کہ ہمیں سب کچھ تُکے میں ملتا ہے۔ تُکے میں ہمیں کرکٹ ورلڈ کپ ملا۔ہم تو فنڈز کی کمی کے مارے ہوئے لوگ بھیجنے کو بھی تیار نہ تھے مگر بھلا ہو چندہ دینے والوں کا کہ تُکے میں ہمیں اسنوکر چیمپئن محمد آصف ملا۔ ایک تُکا جنرل مشرف کا لگا اور میاں صاحب نے سینئرز کی چھٹی کرتے ہوئے جنرل صاحب کو '' جنرل صاحب ‘‘ بنا دیا اور پھر مشرف صاحب نے جنرل بن کر دکھا یا اور اس کے بعد کئی تُکے لگائے۔ قاف لیگ کا تُکا لگا اور پھر جمالی صاحب کا تُکا لگا۔ پنجاب میں چوہدری پرویزالٰہی صاحب کا تُکا لگا اور اس کے بعد مرکز میں چوہدری شجاعت کا ایک ''مہا عبوری تُکا‘‘ لگا ۔ اس دور میں تُکوں کی ایک تاریخ ہے ۔ 
ایک تُکا لگا ایک لفٹ آپریٹر کا تو وہ دریا پارکراتے کراتے خون کے دریا بہانے لگا اور نوبت یہاں تک آن پہنچی کہ حکومت کو لفٹ آپریٹر کو مذاکرات تک کی لفٹ کرانا پڑی ۔ غور کریں تو ہر تُکے کے پیچھے ''بے تُکے‘‘ اقدام نظر آئیں گے ۔ ماڈل ٹاؤن لاہور میں بھی سترہ جون کو ایک بے تُکا اقدام کیا گیا۔ بے چارے غریبوں کے بچے مارے گئے اور قادری صاحب کا حکومت کو للکارنے کا تُکا لگ گیا۔ قادری صاحب کا ایک تُکا 2013ء کے الیکشن سے پہلے لگا اور انہوں اسے کنٹینر کے اندر تُکے سے بے تکے میں بدل دیا ایک بار پھر قادری صاحب بے تُکے انقلاب کے تکے لگانے کے دعوے کررہے ہیں۔ 
پہلا سوال یہ ہے کہ قادری صاحب نے دوہزار تیرہ کا اسلام آباد دھرنا دیا کیوں تھا؟ 
سوال تو یہ بھی ہے کہ قادری صاحب نے حکومت کو مجبور کرنے کے باوجود کیا حاصل کیا؟ 
قادری صاحب بین الاقوامی حلفیہ اقرار کے تحت کس کے وفادار ہیں؟ 
قادری صاحب کے اپنے فرمان کے مطابق ان کو کس جوتیاں پہنانے والے کی خدمت کی '' حیا ‘‘ زندگی بھر رہے گی؟ 
قادری صاحب نے میاں صاحب کے کاندھوں پر سوار ہوکر کس مبارک سفر کا ذکر کیا تھا؟ 
قادری صاحب نے جہاز میں ایک مطالبے سے دست بردار ہوکر دوسرا مطالبہ پیش کرنے میں کتنی دیر لگائی تھی؟
قادری صاحب کے گھر کے پھیرے لگاتے ہوئے کون سی دو شخصیات بھول گئی ہیں کہ قدر کھودیتا ہے ہر روز کا آنا جانا؟ 
بتاؤ کہ قادری صاحب کینیڈا سے کتنے بیگز میں انقلاب بھر کر لائے ہیں ؟
قادری صاحب کی اے پی سی میں جو ''چالیس بڑی ‘‘ جماعتیں شامل تھیں ان میں سے چھ کے نام کیا ہیں؟ 
گلا پھاڑ کے بولو کہ وہ کون سا گلا ہے جو کبھی بیٹھ نہیں سکتا؟ 
وہ کون سا سابق وفاقی وزیر ہے جو اگست میں حتمی طور پر انقلاب کی دو میں سے کسی ایک ٹرین کا ٹکٹ لینے پر مجبور ہوجائے گا؟ 
لندن میں جن''دو شخصیات ‘‘ کے درمیان بیٹھ کر طاہر القادری نے شریف خاندان کو خاندانی سیاست کو طعنہ دیا تھا ان کا آپس میں کیا تعلق ہے؟ 
خالی جگہ پر کرنے کے لیے تُکا لگاؤ اور بتاؤ کہ طاہر القادری شہادت سے نہیں ڈرتے مگر انہیں پھر بھی... کی سکیورٹی چاہیے۔ 
سترہ جون کو وہ کون سا پولیس والاتھا جو پولیس میں ہوکر بھی پولیس میں نہیں تھا؟ 
گلو بٹ ، طاہرالقادری اور رانا ثناء اللہ میں سے گزشتہ مہینے کی میڈیا پرسنالٹی آف دی منتھ کون رہی؟ 
ان سارے سوالوں کے جواب آپ کو تُکے لگا کر ہی مل سکتے ہیں۔ 
آپ کے ہر لگنے والے تُکے کا انعام سوشل میڈیا پر اس ناچیز کو ایک... کی صورت میں ملے گا ؟ آپشن نمبر ایک تالی ، آپشن نمبر دو تھالی اور آپشن نمبر تین تالی اور تھالی کے وزن پر... 
اگر کوئی تُکا لگ گیا تو طاہر القادری کا انقلاب ان کے اپنے فرمودات کے مطابق 2014ء ہی میں آئے گا اور اگر نہیں لگا تو قادری صاحب بیگز بھر کر آئے ہیں شہریت ترک کرکے نہیں ، بنا بے آبرو ہوئے وہ ہمارے کوچے سے نکل جائیں گے لیکن ان کا انقلاب اور انقلاب سے نمٹنے کا حکومت کا انتظام کہیں پھر تُکے کو بے تُکا کرتے ہوئے غریبوں کے بچے نہ کچل دے۔ اب اس بے تُکے‘ تُکے کے کالم سے اجازت‘ اس اپنے پن کے ساتھ کہ انقلاب سے پہلے، اس کے دوران اور اس کے بعد بھی اپنا بہت خیال رکھیے گا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں