پاکستان میں مہنگائی میں کمی کی پیشگوئی حقائق کے منافی قرار

 پاکستان میں مہنگائی میں کمی کی پیشگوئی حقائق کے منافی قرار

بہاول پور(آن لائن )سابق صدر بہاولپور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری شیخ عباس رضا نے آئی ایم ایف کی طرف سے پاکستان میں مہنگائی اور۔۔

 بے روزگاری میں کمی اور شرح نمو 3فیصد رہنے کی پیشگوئی کو حقائق کے منافی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کے اب تک جتنے بھی پروگرام کے تحت ملک نے قرض حاصل کیے ہیں ان کے فوراً بعد آئی ایم ایف کے اہداف اور شرائط پر عملدرآمد کرتے ہوئے بجلی،گیس، پٹرول کی قیمتوں میں وقتاً فوقتا ہوشربا اضافے ہوتے رہے ہیں اور ان کی شرائط پر عملدرآمد کرتے ہوئے پاکستانی عوام پر نت نئے ٹیکسوں کے بوجھ میں اضافہ ہورہا ہے ۔آئی ایم ایف پروگرام کبھی بھی ملک میں خوشحالی نہیں لایا بلکہ پاکستان قرضوں کے نہ ختم ہونے والے جال میں مزید جکڑتا جارہا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ بجلی گیس، پٹرول، ڈالر کی قیمتوں میں اضافہ سے ملکی معیشت کے پاؤں لڑکھڑار ہے ہیں۔ آئی ایم ایف سے نئے قرضوں کے پروگرام کے بعد ان کی نئی شرائط پر ایک بار پھر ٹیکسوں کی بھر مار اور بجلی،گیس، پٹرول مہنگا ہوجائے گا،جس سے عوام کی زندگی اجیرن ہوجائے گی۔اگرچہ اچھی معیشت ہر ملک کے لیے بڑا چیلنج ہے اور دنیا کے ترقی پذیر ممالک بھی سخت ترین معاشی بحرانوں کی زد میں آئے ہوئے ہیں جن میں پاکستان بھی شامل ہے۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں