خطے کی 9 ریاستوں کیساتھ تجارتی خسارہ 41 فیصد بڑھ گیا

خطے کی 9 ریاستوں کیساتھ تجارتی خسارہ 41 فیصد بڑھ گیا

لاہور(آئی این پی)پاکستان کاخطے کے 9 ممالک کے ساتھ تجارتی خسارہ 11 مہینوں میں 40.37 فیصد بڑھ کر 8.411 ارب ڈالر ہو گیا جو گزشتہ سال کی اسی مدت میں 5.992 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق تجارتی خسارے میں اضافے کو زیر جائزہ مدت کے دوران چین اور بھارت سے درآمدات میں اضافے سے منسوب کیا جا سکتا ہے، اس کے علاوہ خطے کے دوسرے ممالک سے درآمدات میں پچھلے سال کے مقابلے میں قدرے اضافہ ہوا ہے ۔ بنیادی طور پر چین سے علاقائی ممالک کو برآمدات میں اضافہ ہوا تاہم اسٹیٹ بینک کے مرتب کردہ اعداد و شمار کے مطابق دیگر ریجنل ممالک کے ساتھ برآمدات میں کمی کا سلسلہ جاری ہے۔ مجموعی طور پر خطے کے 9 ممالک جن میں افغانستان، چین، بنگلہ دیش، سری لنکا، ایران، بھارت، نیپال، بھوٹان اور مالدیپ شامل ہیں، کو پاکستان کی برآمدات کی مالیت جولائی تا مئی20.58 فیصد بڑھ کر 4.02 ارب ڈالر تک پہنچ گئی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں