ڈالر کی قدر میں اضافہ ،سوناتاریخ کی بلند ترین سطح پر

 ڈالر کی قدر میں اضافہ ،سوناتاریخ کی بلند ترین سطح پر

کراچی (بزنس ڈیسک)ملکی مبادلہ مارکیٹوں میں ڈالر کی قدر میں اضافہ ریکارڈکیا گیا،ادھرسونے کی قیمتوں کو بھی پر لگ گئے اور سونا تاریخ کی بلندترین سطح پر پہنچ گیا۔

اسٹیٹ بینک کے مطابق انٹربینک میں ڈالر 5 پیسے کے اضافے سے 277.79 روپے پر جاپہنچا۔ فاریکس  ایسوسی ایشن آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق اوپن  کرنسی مارکیٹ میں ڈالر 6 پیسے کے اضافے سے 278.72 روپے کا ہوگیا، اسی طرح یورو 1.09 روپے کے اضافے سے 301.64 روپے اور برطانوی پاؤنڈ 48 پیسے کے اضافے سے 361.64 روپے پر پہنچ گیا۔دوسری جانب عالمی بلین مارکیٹ میں سونا 29 ڈالر کے اضافے سے 2784 ڈالر فی اونس کا ہوگیا۔ بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے کے نرخ میں اضافے کے باعث مقامی سطح پربھی فی تولہ سونا 2900 روپے کے نمایاں اضافے سے 2 لاکھ 87 ہزار 900 روپے کی بلندترین سطح پرجاپہنچا،اسی طرح دس گرام سونا 2486 روپے کے اضافے سے 2 لاکھ 46 ہزار 828 روپے کا ہوگیا جب کہ چاندی کی فی تولہ قیمت 3 ہزار 350 روپے پر مستحکم رہی۔حالیہ ہفتوں کے دوران سونے کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے کیونکہ مشرق وسطیٰ میں تنازعات اور آئندہ امریکی انتخابات کے حوالے سے غیر یقینی صورتحال کی وجہ سے محفوظ اثاثوں کی مانگ میں اضافہ ہوا ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں