اسٹاک ایکسچینج :گزشتہ ہفتہ بہتر ثابت نہ ہوسکا،3روز مندی

کراچی(بزنس رپورٹر )پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں گزشتہ ہفتے ٹریڈنگ کاروباری ہفتے کے تین روز مسلسل مندی کا شکارہی۔
،تاہم آخری دو روز تیزی سے مارکیٹ میں ریکوری ہوگئی ،یوں گزشتہ ہفتہ اسٹاک ایکسچینج کیلئے بہتر ثابت نہیں ہوا ، اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے تین روز شدید مندی سے 3800 پوائنٹس کا انخلاء ہوا،اسکے بعد آخری دو روز کی تیزی سے 3200 پوائنٹس مارکیٹ نے ریکور ہوئے ،یوں مارکیٹ میں 600پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی ،مہینے کا آخری ہفتہ ہونے کی وجہ سے شئیرز سودوں کی ادائیگی کا دباؤ بروکیج ہاوسز پر رہا ،اسی وجہ سے شئیرز کی فروخت رہی۔ دوسری جانب شرح سود میں صرف 1فیصد کمی کو بھی اسٹاک سرمایہ کاروں نے ویلکم نہیں کیا اور اسکے بھی منفی اثرات ٹریڈنگ پر مرتب ہوئے جبکہ وقفے وقفے سے پرافٹ ٹیکنگ بھی مندی کی ایک وجہ رہی ۔ ہفتہ وار کاروبار میں ہنڈریڈ انڈیکس 1 لاکھ 11 ہزار ، 1 لاکھ 12 ہزار ، 1 لاکھ 13 ہزار ، 1 لاکھ 14 ہزار اور 1 لاکھ 15 ہزار کی نفسیاتی حدوں پر ٹریڈ ہوا ، ہفتہ وار ہنڈریڈ انڈیکس کی بلند سطح 1 لاکھ 15ہزار 596پوائنٹس رہی اور ہفتہ وار کم ترین سطح 1 لاکھ11 ہزار 157 پوائنٹس رہی ۔ دوسری جانب مجموعی طور پر مندی کے سبب سرمایہ کاروں کے منافع میں 62ارب 96کروڑ 40لاکھ 92 ہزار 839 روپے کی کمی ہوئی ،جس سے مارکیٹ کا مجموعی سرمایہ بھی گھٹ کر 140کھرب 53ارب 83 کروڑ 96 لاکھ 2ہزار 238روپے رہا۔ کاروباری ہفتے کے آخری روز ہنڈریڈ انڈیکس 1049 پوائنٹس اضافے سے 1 لاکھ 14 ہزار 255 پوائنٹس پر بند ہوا۔دوسری جانب ہفتے بھر دیگر انڈیکس میں کے ایس ای 30انڈیکس میں 255.46 پوائنٹس گھٹ کر 35869.52 پر رہا۔