کراچی میں مرغی کے گوشت کی قیمتوں کو پھر پر لگ گئے
کراچی (بزنس ڈیسک) کراچی میں مرغی کے گوشت کی قیمتوں کو ایک بار پھر پر لگ گئے ۔
،جس کے باعث عوام کے لیے سرکاری نرخ پر مرغی کا گوشت خریدنا مشکل ہوگیا ہے ۔ ایک ماہ کے دوران مرغی کے گوشت کی قیمت میں 250 روپے فی کلو تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے ۔رپورٹ کے مطابق زندہ مرغی کا سرکاری نرخ 420 روپے فی کلو مقرر کیا گیا ہے ، تاہم مارکیٹ میں یہ 500 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہی ہے ۔ اسی طرح مرغی کے گوشت کی سرکاری قیمت 650 روپے فی کلو مقرر ہونے کے باوجود مارکیٹ میں یہ 760 روپے فی کلو میں دستیاب ہے ۔دکانداروں کا کہنا ہے کہ انہیں زندہ مرغی 470 روپے فی کلو میں مل رہی ہے ، ایسے میں 420 روپے فی کلو کے سرکاری نرخ پر فروخت ممکن نہیں۔ ایک خاتون خریدار کا کہنا تھا کہ وہ مرغی کا گوشت خریدنے آئی تھیں، مگر قیمت زیادہ ہونے کے باعث صرف ایک پاؤ کلیجی لے کر جا رہی ہیں۔واضح رہے کہ ایک ماہ قبل مرغی کا گوشت 500 سے 550 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہا تھا، جو اب 760 روپے فی کلو تک پہنچ گیا ہے ۔ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ رمضان المبارک کے دوران مرغی کے گوشت کی قیمت 800 روپے فی کلو تک جا سکتی ہے ، جس سے عام شہریوں کے لیے مزید مشکلات پیدا ہو سکتی ہیں۔ ادھر لاہور میں سرکاری نرخنامے میں برائلر مرغی کے گوشت کی قیمت میں کوئی ردو بدل نہیں کیا گیا اور گوشت کی فی کلو قیمت 595 روپے برقرار رکھی گئی ہے ،تاہم انڈوں کی قیمت میں مزید دو روپے کا اضافہ ہونے سے فی درجن انڈے 272 روپے درجن کی سطح پر پہنچ گئے ہیں۔