ایک تولہ سوناساڑھے 3لاکھ روپے کاہوگیا،ڈالر مہنگا
کراچی(بزنس رپورٹر)سونے کی قیمتوں میں اضافے کا سلسلہ تھمنے کا نام ہی نہیں لے رہا جس کے نتیجے میں عالمی اور مقامی مارکیٹوں میں سونا مزید مہنگا ہوکر تاریخ کی نئی بلند ترین سطح پر جاپہنچا ۔
ادھرانٹربینک میں ڈالر کی قدر بڑھ گئی۔عالمی بلین مارکیٹ میں سونا 19 ڈالر کے اضافے سے پہلی بار 3329 ڈالر فی اونس کا ہوگیا۔بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے کے نرخ میں اضافے کے باعث مقامی سطح پربھی فی تولہ سونا 2 ہزار روپے کے بڑے اضافے سے تاریخ میں پہلی بار 3 لاکھ 50 ہزار روپے کا ہوگیا ۔ دوسری جانب دس گرام سونے کی قیمت 1715 روپے کے اضافے سے تاریخ میں پہلی بار 3 لاکھ کی بلند سطح عبور کرکے 3 لاکھ 68 روپے ہوگئی۔یاد رہے کہ بدھ کو سونے کی فی تولہ قیمت 8600 روپے اضافے سے 3 لاکھ 48 ہزار روپے ہوگئی تھی۔ دریں اثنا چاندی کی فی تولہ قیمت 59 روپے کی کمی سے 3 ہزار 401 روپے ہوگئی تھی۔اسٹیٹ بینک کے مطابق انٹربینک میں ڈالر16 پیسے کے اضافے سے 280.62روپے پر جاپہنچا۔