میرپورخاص:چینی مافیا بے لگام،قیمتیں آسمان پر

میرپورخاص (بیورو رپورٹ)شہر میں چینی مافیا کی سرگرمیاں بے قابو ہو گئی ہیں۔ ذخیرہ اندوزوں نے بڑے گودام بھر کر مارکیٹ میں مصنوعی قلت پیدا کر دی ہے ، جس کے باعث چینی کی قیمتیں آسمان کو چھونے لگی ہیں۔
فی الوقت 50 کلو چینی کا تھیلا 8400 روپے میں فروخت ہو رہا ہے ، جبکہ ہول سیل میں چینی 168 روپے فی کلو اور ریٹیل مارکیٹ میں 175 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ کی پراسرار خاموشی مجرمانہ غفلت کے مترادف ہے ۔ نہ تو پرائس کنٹرول کمیٹیاں متحرک ہیں، نہ ہی کسی قسم کی چھاپہ مار کارروائیاں دیکھنے میں آ رہی ہیں۔ عوامی حلقوں نے ضلعی انتظامیہ اور پرائس کنٹرول اتھارٹی کی کارکردگی پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ دکانداروں اور شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر ایف آئی اے اور دیگر متعلقہ ادارے چینی مافیا کے خلاف کارروائی کریں تو قیمتوں میں نمایاں کمی آ سکتی ہے ۔ بصورت دیگر، مصنوعی قلت کے باعث مزید مہنگائی کا خدشہ ہے۔ شہریوں نے وزیراعلیٰ سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ چینی مافیا کیخلاف سخت کارروائی کی جائے۔