توانائی تنصیبات، بندرگاہوں پر معمولی حملہ بھی ہوا تو جواب تباہ کن ہوگا، ایران
تہران: (دنیا نیوز) ایرانی فوج کے مرکزی ہیڈ کوارٹرز نے خبردار کیا ہے کہ اگر ایران کی توانائی تنصیبات یا بندرگاہوں پر معمولی سا بھی حملہ ہوا تو اس کا سخت اور تباہ کن جواب دیا جائے گا۔
ایران کی تسنیم نیوز ایجنسی کے مطابق ایرانی فوج کے مرکزی ہیڈ کوارٹرز کے ترجمان نے کہا کہ ایسی کسی کارروائی کی صورت میں خطے میں موجود تیل و گیس کے تمام اہم انفراسٹرکچر کو نشانہ بنایا جا سکتا ہے، خصوصاً وہ تنصیبات جن میں امریکا اور اس کے مغربی اتحادیوں کے مفادات وابستہ ہیں۔
ایران نے خبردار کیا ہے کہ حملے کی صورت میں پورے خطے میں تیل و گیس کے مراکز کو آگ لگا کر تباہ کیا جا سکتا ہے۔
قبل ازیں سیکرٹری ایرانی قومی سلامتی کونسل علی لاریجانی نے بھی کہا تھا کہ ایران کی بجلی تنصیبات پر حملہ ہوا تو پورا خطہ آدھے گھنٹے میں اندھیرے میں ڈوب جائے گا، اندھیرے کی صورت میں امریکی فوجیوں کیلئے حالات مزید خطرناک ہو جائیں گے۔
خیال رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کی توانائی صلاحیت ایک گھنٹے میں تباہ کرنے کی دھمکی دیتے ہوئے کہا تھا کہ اگر ایران نے عالمی تیل سپلائی روکی تو بجلی تنصیبات کو نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔