بابا گورو نانک کے 557ویں جنم دن کی تقریبات اختتام پذیر، ننکانہ صاحب میں شاندار آتش بازی
ننکانہ صاحب: (دنیا نیوز) سکھ مذہب کے بانی بابا گورو نانک کے 557ویں جنم دن کی تقریبات ننکانہ صاحب میں اختتام پذیر ہو گئیں، تقریبات کے اختتام پر ضلعی انتظامیہ کی جانب سے شاندار آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا، جس سے شہر کا آسمان رنگ و نور سے جگمگا اٹھا۔
آتش بازی کی تقریب میں ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اور دیگر ضلعی افسران نے شرکت کی، اس موقع پر سکھ یاتریوں کی خوشیاں دیدنی تھیں، جنم دن کی تقریبات میں تقریباً 25 سے 30 ہزار سکھ یاتریوں نے شرکت کی، جن کیلئے حکومت پنجاب اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے خصوصی انتظامات کیے گئے تھے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر یاتریوں کو بہترین سکیورٹی، رہائش اور سفری سہولیات فراہم کی گئیں، ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں نے مہمانوں کی سہولت اور تحفظ کیلئے خدمات سرانجام دیں، جبکہ تقریبات کے دوران سکھ یاتریوں کو محبت، عزت اور مہمان نوازی کا خصوصی احساس دلایا گیا۔
سکھ یاتریوں نے بہترین انتظامات اور پرتپاک استقبال پر حکومت پنجاب اور ضلعی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا، یاتریوں نے پاکستان میں ملنے والی محبت اور مہمان نوازی کو ناقابل فراموش قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہاں انہیں عزت اور مذہبی عقیدت کے اظہار کیلئے سازگار ماحول فراہم کیا گیا۔
بابا گورو نانک کے جنم دن کی تقریبات نے مذہبی ہم آہنگی، رواداری اور بین المذاہب احترام کا پیغام اجاگر کیا، ان تقریبات کے ذریعے پاکستان کے امن پسند اور مہمان نواز تشخص کو بھی نمایاں کیا گیا، بابا گورو نانک دیو جی کے پیغامِ امن، محبت اور انسانیت کے فروغ کے عزم کے ساتھ تقریبات اختتام پذیر ہوئیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments