وزیراعظم سے آذربائیجانی وفد کی ملاقات، تعاون جاری رکھنے پر اتفاق
اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف سے آذربائیجان کے صدر کے ماتحت اسٹیٹ ایجنسی فار پبلک سروس اینڈ سوشل انوویشنز کے چیئرمین علوی مہدیوف کی قیادت میں چار رکنی وفد نے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان عوامی خدمات کی فراہمی اور ڈیجیٹل نظام کے فروغ میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم نے پاکستان اور آذربائیجان کے برادرانہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے آذربائیجان کے صدر کے لیے نیک خواہشات کا پیغام دیا اور اسلام آباد میں آسان خدمت مرکز کے قیام میں تعاون پر شکریہ ادا کیا۔
شہباز شریف نے آسان خدمت مرکز کو عوامی خدمات کی فراہمی کے حوالے سے اہم سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو ایک ہی چھت تلے متعدد سہولیات کی فراہمی ایک انقلابی پیش رفت ہے۔
انہوں نے مرکز کے قیام اور خدمات کے معیار کا جائزہ لینے کے لیے تھرڈ پارٹی آڈٹ میں آذربائیجان کے تعاون کو بھی سراہا۔
وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو آڈٹ رپورٹ کی سفارشات پر ترجیحی بنیادوں پر عمل درآمد کی ہدایت کرتے ہوئے آسان خدمت اتھارٹی کے قیام کا حکم دیا، جو ملک بھر میں قائم ہونے والے آسان خدمت مراکز میں خدمات کے معیار کو یکساں رکھنے کی ذمہ دار ہوگی۔
.jpg)
انہوں نے حکام کو صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر پورے پاکستان میں آسان خدمت مراکز قائم کرنے کے لیے کام کرنے کی بھی ہدایت کی۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آسان خدمت اقدام کا مقصد ڈیجیٹل ٹیکنالوجی سے لیس معاشرے، معیشت اور نظامِ حکمرانی کی تشکیل کے ساتھ ٹیکنالوجی پر مبنی عوامی خدمات کو مزید مضبوط بنانا ہے۔
ملاقات میں اس اقدام کو مزید مستحکم کرنے اور اس کا دائرہ کار بڑھانے کے لیے مشترکہ ورکنگ گروپ قائم کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا، جو دونوں ممالک کے درمیان مسلسل رابطے، ہم آہنگی اور تعاون یقینی بنائے گا۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ اسلام آباد میں آسان خدمت مرکز نے جنوری 2026 سے نومبر 2026 تک 2 لاکھ 44 ہزار 230 درخواستوں پر مختلف شہری خدمات فراہم کیں جبکہ مرکز میں خدمات کے حصول کے لیے عوامی طلب میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
ملاقات میں وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ، وزیراعظم کے معاون خصوصی سید طارق فاطمی اور اعلیٰ سرکاری حکام بھی شریک تھے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments