خیبرپختونخوا کے محکمہ تعلیم کا 397 ارب 90 کروڑ روپے کا بجٹ مختص

پشاور: (دنیا نیوز) گورنر خیبرپختونخوا کے مشیر تعلیم و سماجی بہبود ڈاکٹر عامر عبداللہ کی زیرصدارت محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم کے بجٹ اور مالیاتی امور کا جائزہ اجلاس ہوا، جس میں رواں مالی سال 2026-27 کے لیے مختص بجٹ، اخراجات اور فنڈز کے استعمال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم کے لیے مجموعی طور پر 397 ارب 90 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔

تنخواہوں کی مد میں 318 ارب 72 کروڑ 27 لاکھ روپے، غیر تنخواہی اخراجات کے لیے 57 ارب 27 کروڑ 25 لاکھ روپے جبکہ ترقیاتی شعبے کے لیے 21 ارب 94 کروڑ روپے رکھے گئے ہیں۔

ڈاکٹر عامر عبداللہ نے ہدایت کی کہ محکمہ تعلیم مالیاتی امور کے بروقت حل کے لیے محکمہ خزانہ کے ساتھ مؤثر رابطہ کاری اور مسلسل فالو اپ یقینی بنائے۔

انہوں نے ایجوکیشن مانیٹرنگ اتھارٹی کی تنظیمِ نو اور ضروری آسامیوں کی اپ گریڈیشن پر پیش رفت کی تفصیلات بھی طلب کیں۔

مشیر تعلیم نے طلبہ کے وظائف سے متعلق تمام معلومات ایک ہی آن لائن پورٹل پر دستیاب بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اس مقصد کے لیے محکمہ اعلیٰ تعلیم کا تیار کردہ پورٹل استعمال کیا جائے۔

انہوں نے تعلیم کارڈ منصوبے کا اجتماعی بصیرت اور مشاورت کی بنیاد پر ازسرنو جائزہ لینے کی بھی ہدایت کی۔

اجلاس میں سکولوں سے باہر بچوں کو تعلیمی اداروں میں واپس لانے کے لیے آئندہ داخلہ مہم کو خصوصی اہمیت دینے پر زور دیا گیا۔

ڈاکٹر عامر عبداللہ نے طالبات کے وظائف کے موجودہ منصوبے میں بہتری کے لیے ایک ہفتے میں جامع تصوراتی خاکہ پیش کرنے کی ہدایت بھی کی۔

انہوں نے سیکنڈ شفٹ اساتذہ کی تنخواہوں کی بروقت ادائیگی کے لیے محکمہ خزانہ کے ساتھ ماہانہ بنیادوں پر فنڈز کی فراہمی کا طریقہ کار وضع کرنے اور بہترین کارکردگی دکھانے والے اساتذہ کے لیے مراعاتی منصوبے کو مزید مؤثر بنانے کی ہدایت کی۔

مشیر تعلیم نے ترقیاتی بجٹ کے مؤثر استعمال اور منصوبوں پر عمل درآمد کی رفتار تیز کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ 100 اور 180 روزہ پلان کے تحت عوام سے کیے گئے وعدوں کی تکمیل محکمہ تعلیم کی اولین ترجیح ہونی چاہیے، بجٹ کا استعمال عوامی ضروریات اور ترجیحات کے مطابق یقینی بنایا جائے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...