امریکا عالمی اداروں کی سرگرمیوں میں رکاوٹیں ڈالکر عالمی امن کو خطرے میں ڈال رہا: عباس عراقچی
تہران: (دنیا نیوز) ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ امریکا کیمیائی ہتھیاروں کی ممانعت کے عالمی ادارے کی سرگرمیوں میں رکاوٹ ڈال کر عالمی امن و سلامتی کو خطرے میں ڈال رہا ہے۔
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا امریکا کیمیائی ہتھیاروں کے بارے میں اتنا فکرمند ہے کہ وہ ان کی نگرانی کرنے والے عالمی ادارے کو ہی مفلوج کر رہا ہے۔
انہوں نے او پی سی ڈبلیو کی سرگرمیوں میں ممکنہ تعطل اور اہم پروگراموں میں کمی کے خدشات کا حوالہ دیتے ہوئے امریکی اقدامات کو شرمناک قرار دیا۔
اس سے قبل خبر رساں ادارے رائٹرز نے رپورٹ کیا تھا کہ او پی سی ڈبلیو کو شدید مالی بحران کا سامنا ہے، ادارے کے 8 کروڑ 30 لاکھ یورو کے سالانہ بجٹ میں ایک چوتھائی کمی واقع ہوئی ہے جس کی ایک بڑی وجہ امریکا کی جانب سے اپنی مالی شراکت کا خاطر خواہ حصہ ادا نہ کرنا ہے۔
ادارے کے ڈائریکٹر جنرل نے خبردار کیا ہے کہ مالی قلت کے باعث بعض سرگرمیاں متاثر ہو سکتی ہیں جن میں شام میں کیمیائی ہتھیاروں کی شناخت اور تلفی سے متعلق پروگرام بھی شامل ہیں اور ان پروگراموں کو معطل یا محدود کیا جا سکتا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments