ٹیکس پالیسی کو نرم کرنے سے تاجر وں کو ریلیف ملا ، شاہد عمران
لاہور(اے پی پی)وفاقی چیمبر کی ریجنل کمیٹی برائے خوراک کے کنوینر شاہد عمران نے کہا کہ حکومت کی جانب سے متعدد بجٹ اقدامات کو تبدیل اور ٹیکس پالیسی کو نرم کرنے کے فیصلے سے تاجر برادری کو بڑا ریلیف ملا ہے۔
فوڈ ایکسپورٹرز کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ امر خوش آئند ہے کہ سیلز ٹیکس ایکٹ کے سیکشن 37A کے تحت ایف بی آر کو دیے گئے اختیارات کو محدود کر دیا گیا اور اب یہ اختیارات صرف جعلی یا فلائنگ انوائسز کے سیلز ٹیکس فراڈ کے سنگین معاملات میں استعمال ہونگے جبکہ انکم ٹیکس کمشنر اور تسلیم شدہ تجارتی اداروں کے دو نامزد افراد تحقیقات کی منظوری دینگے ۔ انہوں نے کہا کہ معاشی ترقی کو برقرار رکھنے اور سرمایہ کاری کو راغب کرنے کیلئے مستحکم اور کاروبار دوست ٹیکس نظام ضروری ہے ۔ شاہد عمران نے حکام پر زور دیا کہ وہ طویل مدتی مالیاتی پالیسیاں تیار کرنے کے لیے نجی شعبے کے ساتھ مشاورت جاری رکھیں تاکہ معاشی استحکام کے ساتھ محصولات میں توازن پیدا کیا جا سکے ۔