پاکستان ایتھوپیا کی زرعی صلاحیت سے فائدہ اٹھا سکتا،عاطف شیخ
کراچی(بزنس رپورٹر)فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں پاکستان اور ایتھوپیا کے تجارتی تعلقات کے فروغ کے حوالے سے تقریب منعقد ہوئی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ پاکستان اور ایتھوپیا کی باہمی تجارت اس وقت 6 کروڑ 70 لاکھ ڈالر ہے ، اگرچہ یہ حجم کم ہے لیکن تجارتی رجحان مثبت ہے، دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات ابھی ابتدائی مرحلے میں ہیں مگر مستقبل کے امکانات بہت روشن ہیں۔صدر ایف پی سی سی آئی کے مطابق پاکستان ایتھوپیا کی زرعی صلاحیت سے بھرپور فائدہ اٹھا سکتا ہے جبکہ ایتھوپیا پاکستان کی صنعتی استعداد سے مستفید ہو سکتا ہے ،اس وقت ایتھوپیا پاکستان سے ٹیکسٹائل مصنوعات، ادویات اور چاول درآمد کر رہا ہے جبکہ پاکستان ایتھوپیا سے اعلیٰ معیار کی کافی خرید رہا ہے۔