آئی ٹی سی این ایشیا 2025 کا شاندار انعقاد، ٹیکنالوجی انقلاب کی نوید
کراچی(آن لائن)پاکستان میں ٹیکنالوجی اور آئی ٹی کے سب سے بڑے تجارتی میلے 26 ویں آئی ٹی سی این ایشیا 2025 کا کامیاب انعقاد ملک کے ڈیجیٹل مستقبل کی جانب ایک اہم پیش رفت ثابت ہوا۔
ایس آئی ایف سی معاونت سے ہونے والی اس نمائش و کانفرنس نے جدت، نیٹ ورکنگ اور ٹھوس کاروباری معاہدوں کے ذریعے ملکی اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں کی بھرپور توجہ حاصل کی۔ ای کامرس گیٹ وے پاکستان، ٹیک ڈیسٹینیشن پاکستان اور ایس آئی ایف سی کے اشتراک سے منعقدہ اس نمائش میں دنیا بھر سے جدید ترین ٹیکنالوجیز کی نمائش کی گئی، جہاں 25 ممالک کے اعلیٰ سطحی وفود نے شرکت کی۔ اس موقع پر 700 سے زائد قومی و عالمی کمپنیاں اور اسٹارٹ اپس شریک ہوئیں، جنہوں نے پاکستانی آئی ٹی مصنوعات اور خدمات کو مؤثر انداز میں پیش کیا۔ایونٹ کے دوران 650 ملین ڈالر مالیت کی مفاہمتی یادداشتوں اور مشترکہ سرمایہ کاری کے معاہدے طے پائے ، جن سے پاکستان کی آئی ٹی برآمدات کو اگلے چند برسوں میں سالانہ 5 ارب ڈالر تک بڑھانے کا ہدف مقرر کیا گیا ۔ایکسپو میں دفاعی شعبے کے لیے جدید آئی ٹی ٹیکنالوجی پر خاص توجہ مرکوز رہی، جب کہ B2B میچ میکنگ سیشنز، اسٹریٹجک مکالمے ، اور صنعتی روابط کے مواقع نے اسے کاروباری دنیا کے لیے ایک مؤثر پلیٹ فارم بنا دیا۔ ایونٹ میں شرکاء کی تعداد 62 ہزار سے تجاوز کر گئی۔