اعتماد کے بغیر خواتین کی معاشی بااختیاری ناممکن،سلیم اللہ
یو این ویمن کی اعلیٰ سطح تقریب، خواتین کے محفوظ ڈیجیٹل مالی مستقبل پر زور
کراچی(بزنس رپورٹر)یو این ویمن پاکستان نے اسٹیٹ بینک اور شریک یو این ایجنسیوں کے تعاون سے صنف کی بنیاد پر تشدد کے خلاف عالمی 16 روزہ مہم کے موقع پر مالی اور ڈیجیٹل شمولیت بطور محفوظ معیشت کی راہ کے موضوع پر کراچی میں اعلیٰ سطح کی تقریب کا انعقاد کیا۔تقریب میں خواتین کو محفوظ ڈیجیٹل مالیات اور ٹیکنالوجی کے ذریعے بااختیار بنانے کی فوری ضرورت پر زور دیا گیا۔
ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک سلیم اللہ نے زور دے کر کہا کہ ڈیجیٹل ادائیگیاں اور مالی خدمات صرف اسی وقت خواتین کی زندگیوں میں تبدیلی لا سکتی ہیں جب اعتماد اور تحفظ کی ضمانت دی جائے ۔ انہوں نے پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت میں خواتین کی شرکت کو مضبوط بنانے کیلئے محفوظ، شمولیتی اور صنفی لحاظ سے ذمہ دار مالی نظام کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا ۔اسٹاک ایکسچینج کی چیئرپرسن شمشاد اختر نے مالی مارکیٹوں اور اداروں میں خواتین کی نمائندگی بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔