اسٹاک ایکسچینج:کاروباری ہفتے کے دوران 408پوائنٹس کا اضافہ
انڈیکس 0.48فیصد اضافے کے ساتھ ایک لاکھ 67ہزار 85پوائنٹس پر بند ہوا سرمایہ کاروں کے اعتماد کی بحالی اور مثبت رجحان کے آثار دیکھنے میں آئے
کراچی (کامرس رپورٹر)پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے دوران سرمایہ کاروں کے اعتماد کی بحالی اور مثبت رجحان کے آثار دیکھنے میں آئے ۔ رپورٹ کے مطابق100 انڈیکس میں ایک ہفتے کے دوران 408 پوائنٹس کا اضافہ ہوا، اور یہ 0.48 فیصد اضافے کے ساتھ 1 لاکھ 67 ہزار 85 پوائنٹس پر بند ہوا، رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ہفتہ وار 100 انڈیکس کی بلند ترین سطح 1 لاکھ 69 ہزار 289 جبکہ کم ترین سطح 1 لاکھ 65 ہزار 886 رہی۔ دوسری جانب ایک ہفتے کے دوران 3 ارب 39 کروڑ شیئرز کے سودے ہوئے ، جن کی مالیت تقریباً 200 ارب روپے ہے ، اس کے نتیجے میں مارکیٹ کیپٹلائزیشن میں 172 ارب روپے کا اضافہ ہوا، اور یہ 19 ہزار 38 ارب روپے تک پہنچ گئی، اسٹاک ماہرین کے مطابق ہفتے بھر بینکنگ، فرٹیلائزر، کیمیکل، کیبل، فارما اور آئل اینڈ گیس کمپنیوں کے شیئرز میں خاصی سرگرمی دیکھنے میں آئی، جس نے مجموعی طور پر اسٹاک مارکیٹ کے مثبت رجحان کو تقویت دی۔ پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں یہ بڑھتا ہوا رجحان سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافے ، معیشت میں بہتری کی امید اور مارکیٹ کی مضبوط بنیادوں کی علامت ہے۔