اسٹاک ایکسچینج: 1153پوائنٹس کی تیزی ،128ارب منافع

اسٹاک ایکسچینج: 1153پوائنٹس کی تیزی ،128ارب منافع

منافع بخش شعبے متحرک،100انڈیکس 1لاکھ 69ہزار 456 کی بلند سطح پر بند

کراچی(بزنس رپورٹر)اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے دوسرے روز زبردست تیزی دیکھی گئی۔ 100 انڈیکس میں ٹریڈنگ کا آغاز 1078 پوائنٹس بڑھ کر 1 لاکھ 69 ہزار 382 پوائنٹس کی نفسیاتی حد سے ہوا ،ٹریڈنگ کے آغاز سے ہی سرمایہ کاروں کی جانب سے مسلسل دلچسپی نے بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس کو دوران ٹریڈنگ 1297 پوائنٹس تیز کرکے جلد ہی یومیہ 1 لاکھ 69 ہزار 601 پوائنٹس کی بلند حد تک پہنچا دیا، بعدازاں محدود اور مختصر پرافٹ ٹیکنگ کے رجحان سے ایک موقع پر انڈیکس مثبت زون میں ہی رہتے ہوئے 1 لاکھ 69 ہزار کی حد سے گر کر یومیہ 1 لاکھ 68 ہزار 880 پوائنٹس کی حد تک ٹریڈ ہوا تاہم آئل اینڈ گیس، فرٹیلائزر ،کمیونی کیشن ، کیبل اور فارما کمپنیوں کے حصص میں دوبارہ خریداری سے تیزی لوٹ آئی۔کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100انڈیکس 1153 پوائنٹس بڑھ کر پہلی بار 1لاکھ 69ہزار 456پوائنٹس کی بلند سطح پر بند ہوا۔اس دوران سرمایہ کاروں کو 128ارب روپے کا منافع ہوا جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم بڑھ کر19 ہزار 275 ارب روپے ہوگیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں