رواں سیزن کینو کی برآمدات کیلئے 3لاکھ ٹن کا ہدف مقرر

رواں سیزن کینو کی برآمدات کیلئے 3لاکھ ٹن کا ہدف مقرر

110 ملین ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہونیکا امکان،6 ہزار ٹن کینو برآمد ہوچکا برآمدات بڑھانے کے لئے قومی سطح پر حکمتِ عملی بنائی جائے ، وحید احمد

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان سے رواں سیزن کینو کی برآمدات کا آغاز ہوگیا۔ آل پاکستان فروٹ اینڈ ویجی ٹیبل ایکسپورٹرز امپورٹرز اینڈ مرچنٹس ایسوسی ایشن نے رواں سیزن کیلئے 3 لاکھ ٹن کا ہدف مقرر کیا ہے جس کے پورا ہونے پر 110 ملین ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہونے کا امکان ہے ۔ یکم دسمبر سے اب تک 6 ہزار ٹن کینو مشرق وسطیٰ، سری لنکا اور فلپائن بھیجا جا چکا ہے ۔گزشتہ سیزن میں پاکستان سے ڈھائی لاکھ ٹن کینو برآمد کیا گیا تھا جس سے 95 ملین ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا تھا۔ایسوسی ایشن کے سرپرستِ اعلیٰ وحید احمد کے مطابق اس سال کینو کی بمپر کراپ ہوئی ہے اور مجموعی پیداوار 27 لاکھ ٹن تک رہنے کا امکان ہے جو گزشتہ سال 17 لاکھ ٹن تھی، تاہم پیداوار میں نمایاں اضافے کے باوجود پاکستانی کینو کی برآمدات اب بھی5سال قبل کی 5.5 لاکھ ٹن کی سطح سے 50 فیصد کم ہیں۔

ان کے مطابق اس کمی کی بنیادی وجہ کینو کی کاشت میں ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ کا فقدان اور ماحول کے بدلتے تقاضوں سے ہم آہنگ نئی ورائٹی متعارف نہ کرانا ہے ۔وحید احمد کا کہنا ہے کہ پی ایف وی اے نے حکومت کو کینو کی برآمدات بڑھانے کے لیے قلیل، وسط اور طویل المدتی منصوبہ فراہم کیا ہے ۔ان کے مطابق افغانستان سے تجارت بند ہونے کے باعث وسط ایشیائی ریاستوں اور روس تک زمینی راستے سے کینو کی برآمدات میں مشکلات کا سامنا ہے جبکہ ایران کے ذریعے متبادل راستہ طویل اور مہنگا ثابت ہو رہا ہے ۔ سیزن کے آغاز پر ہی ایران کے راستے فریٹ میں 100 فیصد اضافہ ہو چکا ہے ، جب کہ لاجسٹکس کے مسائل بھی درپیش ہیں۔وحید احمد نے کینو کی برآمدات بڑھانے کے لیے قومی سطح پر حکمتِ عملی اپنانے ، ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ کو فروغ دینے اور پانی کی قلت کے پیش نظر جدید آبپاشی طریقوں پر منتقل ہونے کی ضرورت پر زور دیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں