اسٹاک ایکسچینج :کاروباری ہفتے کا منفی آغاز،21ارب خسارہ
200 پوائنٹس کی کمی سے 100 انڈیکس 1لاکھ71ہزار204 پر بند
کراچی(بزنس رپورٹر)اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے پہلے روز سالانہ ایڈجسٹمنٹ اور پرافٹ ٹیکنگ کی وجہ سے کاروبار اتار چڑھاؤ کے بعد مندی کی لپیٹ میں رہا، مندی کے سبب 59 فیصد حصص کی قیمتیں گرگئیں جبکہ سرمایہ کاروں کے 21 ارب ڈوب گئے ۔مارکیٹ میں کاروبار کا آغاز تیزی سے ہوا ،ایک موقع پر 1454پوائنٹس کے اضافے سے انڈیکس کی 1لاکھ 72ہزار کی نئی بلند ترین سطح بھی رقم ہوگئی لیکن اپ سائیڈ پرافٹ ٹیکنگ برقرار رہنے سے مارکیٹ مندی کی لپیٹ میں آگئی۔
کاروبار کے اختتام پر 100 انڈیکس 200 پوائنٹس کی کمی سے 171204 پوائنٹس پر بند ہوا،اسی طرح کے ایس ای 30 انڈیکس 90پوائنٹس کی کمی سے 52323پوائنٹس اور آل شیئرز انڈیکس 115 پوائنٹس کی کمی سے 103326 پوائنٹس پر بند ہوا۔ کاروباری حجم 14فیصد کم رہا۔ گزشتہ روز 68 کروڑ 45لاکھ 48ہزار 261 حصص کے سودے ہوئے،مجموعی طور پر 486 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جس میں سے 143 کمپنیوں کے حصص کے بھاو میں اضافہ، 288 میں کمی اور 55 کمپنیوں میں استحکام رہا۔