پٹرولیم مصنوعات کی درآمدات میں2فیصد کمی ریکارڈ
نومبرتک درآمدات پر6.416ارب ڈالر زرمبادلہ خرچ ہوا،ادارہ شماریات
اسلام آباد (این این آئی)ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی درآمدات میں جاری مالی سال کے پہلے پانچ ماہ کے دوران سالانہ بنیاد پر2فیصد کمی ریکارڈکی گئی۔ادارہ شماریات کے مطابق جولائی سے نومبرتک پٹرولیم مصنوعات کی درآمدات پر6.416ارب ڈالر زرمبادلہ خرچ ہوا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں دو فیصد کم ہے ۔گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں پٹرولیم مصنوعات کی درآمد پر6.523ارب ڈالر زرمبادلہ خرچ ہوا تھا۔
نومبر میں پٹرولیم گروپ کی درآمدات کا حجم 1.266ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ سال نومبرکے مقابلے میں 10فیصد کم ہے ، گزشتہ سال نومبر میں پٹرولیم مصنوعات کی درآمد پر1.408ارب ڈالر زرمبادلہ خرچ ہوا تھا۔اکتوبرکے مقابلے میں نومبر میں پٹرولیم مصنوعات کی درآمد میں ماہانہ بنیاد پر8فیصد کمی ہوئی ، اکتوبرمیں پٹرولیم مصنوعات کی درآمدات کا حجم 1.375ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا جو نومبرمیں کم ہوکر1.266ارب ڈالر ہوگیا۔