بینظیر بھٹو نے تاجروں کے حقوق کیلئے بھی جدوجہد کی،موتی والا
محترمہ عوام دوست لیڈر، آج زندہ ہوتیں توسیاسی حالات مختلف ہوتے ، تاجر رہنما انہوں نے ملک کو ترقی اور استحکام کی راہ پر گامزن کرنے کا وژن دیا، برسی پر بیان
کراچی(آئی این پی)شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی برسی پر کراچی تاجر الائنس کے چیئرمین اور عام آدمی پاکستان کے بانی ایاز میمن موتی والا نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ بے نظیر بھٹو نظریاتی، ترقی پسند اور عوام دوست لیڈر تھیں، جنہوں نے ہمیشہ جمہوریت، عوامی حقوق اور معاشی استحکام کے لیے جدوجہد کی۔انہوں نے کہا کہ اگر آج محترمہ حیات ہوتیں تو پاکستان کے سیاسی حالات یقیناً مختلف اور بہتر ہوتے ۔ وہ نہ صرف ایک مضبوط سیاستدان تھیں، بلکہ ایک مدبر اور دوراندیش قیادت کی علامت بھی تھیں، جنہوں نے ملک کو ترقی اور استحکام کی راہ پر گامزن کرنے کا وژن دیا۔ ایاز میمن موتی والا نے کہا کہ شہید بے نظیر بھٹو تاجروں، صنعتکاروں اور عام شہریوں کے مسائل سے بخوبی آگاہ تھیں۔ ان کی پالیسیوں میں کاروباری طبقے کو فروغ دینے ، روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور معیشت کو مضبوط بنانے پر خصوصی توجہ دی جاتی تھی۔ وہ ایک ایسی ترقی پسند لیڈر تھیں جو عوامی فلاح اور معاشی بہتری کو ساتھ لے کر چلنے پر یقین رکھتی تھیں۔انہوں نے مزید کہا کہ محترمہ بے نظیر بھٹو نے ہمیشہ جمہوریت، آئین اور عوام کی بالادستی کے لیے قربانیاں دیں، اور اپنی جان دے کر بھی عوامی حقوق کی جدوجہد کو زندہ رکھا۔