اسٹاک ایکسچینج:کاروباری ہفتے میں ملا جلا رجحان، مارکیٹ مثبت زون میں بند
سرمایہ کاروں کی محتاط حکمتِ عملی، منافع سمیٹنے کے رجحان سے مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ رہا انڈیکس میں مجموعی 689 پوائنٹس کا اضافہ، کاروباری حجم کے لحاظ سے بھی سرگرمی رہی
کراچی(کامرس رپورٹر)پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں گزرنے والے کاروباری ہفتے کے دوران مجموعی طور پر ملا جلا رجحان دیکھنے میں آیا، تاہم اختتام پر مارکیٹ مثبت زون میں بند ہونے میں کامیاب رہی۔ سرمایہ کاروں کی جانب سے محتاط حکمتِ عملی، منافع سمیٹنے کا رجحان اور منتخب شعبوں میں خریداری کے باعث مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ برقرار رہاہفتہ وار رپورٹ کے مطابق کے ایس ای 100 انڈیکس میں مجموعی طور پر 689 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے نتیجے میں انڈیکس 0.40 فیصد اضافے کے ساتھ 185,098 پوائنٹس پر بند ہوا دورانِ ہفتہ مارکیٹ نے 185,208 پوائنٹس کی بلند ترین سطح کو چھوا، جبکہ مندی کے دباؤ کے باعث انڈیکس کی کم ترین سطح 180,589 پوائنٹس رہی، جو اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ مارکیٹ میں غیر یقینی صورتحال کے باوجود سرمایہ کار مکمل طور پر غیر فعال نہیں ہوئے کاروباری حجم کے لحاظ سے بھی مارکیٹ میں سرگرمی برقرار رہی۔ایک ہفتے کے دوران مجموعی طور پر 4 ارب 90 کروڑ شیئرز کا لین دین ہوا، جن کی مجموعی مالیت 292 ارب روپے رہی ہفتے بھر آئل اینڈ گیس ، سیمنٹ ، فارما اور آٹو شیئرز میں نمایاں کاروبار ریکارڈ کیا گیادوسری جانب مارکیٹ کی مجموعی مالیت یعنی مارکیٹ کیپٹلائزیشن میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیاایک ہفتے میں مارکیٹ کیپٹلائزیشن 206 ارب روپے بڑھ کر 20 ہزار 974 ارب روپے تک پہنچ گئی، جو سرمایہ کاروں کے اعتماد میں بتدریج بہتری کی علامت سمجھی جارہی ہے ۔