تیل کی قیمتوں میں کمی فائدہ صارفین کو نہیں پہنچا،امان پراچہ
کراچی (این این آئی)فیڈریشن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری(ایف پی سی سی آئی )کے نائب صدرامان پراچہ نے حکومت کی جانب سے پٹرول اور ڈیزل پر لیوی بڑھانے کے فیصلے پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایک جانب عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں کمی کا مکمل فائدہ صارفین کو نہیں پہنچایا جارہا۔۔۔
تو دوسری جانب پیٹرولیم مصنوعات پر ٹیکسز میں اضافہ کرکے عوام کو ذہنی عذاب میں مبتلا کیا جارہا ہے جو پہلے ہی مہنگائی کے بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں۔امان پرا چہ نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ مقامی مارکیٹ تک منتقل کیا جائے تاکہ مہنگائی پر قابو پایا جا سکے اور ملک میں کاروبار کی بلند لاگت کو کم کیا جاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے 4 روپے 65 پیسے اضافے سے پیٹرول پر فی لیٹر لیوی 79 روپے 62 پیسے سے بڑھا کر 84 روپے 27 پیسے کردی،اس کے علاوہ ڈیزل پر فی لیٹر لیوی میں 80 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے ،ڈیزل پر لیوی 75 روپے 41 پیسے سے بڑھا کر 76 روپے 21 پیسے کی گئی اور اگر لیوی برقرار رہتی تو پٹرول ساڑھے 4 روپے فی لیٹرسستا ہوتا۔امان پراچہ نے مزید کہا کہ پاکستان میں پٹرولیم مصنوعات پر ٹیکس دنیا میں سب سے زیادہ ہیں جبکہ ان ٹیکسوں کے فوائد عوام کی ترقی اور فلاح میں منتقل نہیں ہورہے، حکومت کم ٹیکس وصولی کی شکایت کرتی ہے حالانکہ ملک میں بدعنوانی عام ہے ، اور ترقیاتی عمل انتہائی سست ہے۔