اسٹاک ایکسچینج کیلئے کاروباری ہفتہ بہترین ثابت، تیزی کا رجحان غالب
سرمایہ کاروں کے اعتماد، بہتر معاشی اشاریوں سے مارکیٹ نے نمایاں کارکردگی دکھائی انڈیکس میں 4 ہزار 68 پوائنٹس کا شاندار اضافہ ، بینکاری، توانائی شعبوں نے سہارا دیا
کراچی(کامرس رپورٹر)پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں گزشتہ کاروباری ہفتے کے دوران تیزی کا رجحان برقرار رہا، جہاں سرمایہ کاروں کے بڑھتے اعتماد، بہتر معاشی اشاریوں اور مثبت توقعات کے باعث مارکیٹ نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا، ہفتہ وار بنیادوں پر بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس میں 4 ہزار 68 پوائنٹس کا شاندار اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے نتیجے میں انڈیکس 2.20 فیصد اضافے کے ساتھ ایک لاکھ 89 ہزار 166 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا، 100 انڈیکس ایک لاکھ 89 ہزار 566 پوائنٹس کی بلند ترین سطح تک بھی ٹریڈ کرتا رہا، جو سرمایہ کاروں کے اعتماد کی عکاسی ہے ، بینکاری، توانائی، سیمنٹ اور آئل اینڈ گیس کے شعبوں میں خریداری کے رجحان نے مارکیٹ کو سہارا دیا، جبکہ غیر ملکی سرمایہ کاری میں بہتری اور مانیٹری پالیسی سے متعلق مثبت توقعات نے بھی مارکیٹ کی سمت کو مضبوط رکھاکاروباری حجم کے لحاظ سے بھی ہفتہ نمایاں رہا، ایک ہفتے کے دوران 5 ارب 70 کروڑ شیئرز کے سودے ہوئے جن کی مجموعی مالیت 305 ارب روپے رہی، جو مارکیٹ میں سرگرمی کی بلند سطح کو ظاہر کرتی ہے تیزی کے باعث مارکیٹ کی مجموعی قدر میں بھی خاطر خواہ اضافہ ہوا، ہفتے کے دوران مارکیٹ کیپٹلائزیشن 245 ارب روپے بڑھ کر 21 ہزار 219 ارب روپے تک پہنچ گئی، جس سے سرمایہ کاروں کے مجموعی اثاثوں کی مالیت میں نمایاں بہتری آئی، اسٹاک ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر موجودہ معاشی استحکام، پالیسی تسلسل اور کارپوریٹ نتائج میں بہتری کا رجحان برقرار رہا تو آنے والے دنوں میں اسٹاک مارکیٹ میں تیزی کا سلسلہ مزید مضبوط ہو سکتا ہے ۔