امریکا، ایران کشیدگی سٹاک ایکسچینج پر اثرانداز، 6 ہزارپوائنٹس کمی

امریکا، ایران کشیدگی سٹاک ایکسچینج  پر اثرانداز، 6 ہزارپوائنٹس کمی

کراچی(بزنس ڈیسک)امریکا اور ایران کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی اور تیل کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے باعث پاکستان سٹاک ایکسچینج میں جمعرات کو شدید مندی دیکھی گئی،کے ایس ای 100انڈیکس 6ہزار سے زائد پوائنٹس گنوابیٹھا۔

تفصیلات کے مطابق مارکیٹ کا آغاز ہی مندی کے ساتھ ہوا اور سرمایہ کاروں کے گرتے ہوئے اعتماد کی وجہ سے پورا دن دباؤ برقرار رہا۔دوپہر کے ابتدائی اوقات میں فروخت کے دباؤ میں مزید شدت آگئی جس سے انڈیکس تیزی سے نیچے گرا اور کاروبار کے دوران اپنی کم ترین سطح 181,961 پوائنٹس تک آپہنچا،تاہم ٹریڈنگ کے آخری گھنٹے میں معمولی ریکوری کی بدولت نقصانات میں کچھ حد تک کمی واقع ہوئی۔کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 6,042 پوائنٹس یا 3اعشاریہ 21 فیصد کی کمی سے 182,338 پوائنٹس پر بند ہوا۔اسی طرح کے ایس ای 30انڈیکس 2105پوائنٹس کی کمی سے 55927پوائنٹس اور آل شیئرزانڈیکس3023پوائنٹس کی کمی سے 109608پوائنٹس پر بند ہوا۔ مجموعی طور پر564 کمپنیوں کے حصص کاکاروبار ہوا، جس میں سے 83 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ، 364 میں کمی اور 117 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں