چین کوبرآمدات سے 1.216ارب ڈالرزرمبادلہ حاصل
پہلی ششماہی کے دوران درآمدات کاحجم 9.472ارب ڈالرریکارڈکیاگیا
اسلام آباد(اے پی پی)پاکستان اورچین کے درمیان دوطرفہ تجارت کے حجم میں پہلی ششماہی کے دوران اضافہ ریکارڈکیاگیا۔پہلی ششماہی میں چین کوپاکستان کی درآمدات میں سالانہ بنیادوں پر6فیصدکی کمی جبکہ چین سے درآمدات میں 25.60 فیصداضافہ ہوا۔ا سٹیٹ بینک کے مطابق مالی سال کی پہلی ششماہی میں چین کوبرآمدات سے ملک کو 1.216ارب ڈالرزرمبادلہ حاصل ہوا جو6فیصدکم ہے ، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں چین کو برآمدات سے ملک کو1.288ارب ڈالر زرمبادلہ حاصل ہواتھا۔
دسمبر میں چین کوپاکستان کی برآمدات کا حجم 233.092ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو نومبر میں 194.20 ملین ڈالر اور دسمبر 2025 میں 233.49 ملین ڈالرتھا۔مالی سال 2025میں چین کو برآمدات سے ملک کو 2.477 ارب ڈالر زرمبادلہ حاصل ہواتھا۔پہلی ششماہی میں چین سے درآمدات کاحجم 9.472 ارب ڈالر ریکارڈ کیاگیا جو 25.60 فیصد زیادہ ہے۔ گزشتہ مالی سال کی ششماہی میں چین سے درآمدات پر 7.541 ارب ڈالرزرمبادلہ خرچ ہوا تھا۔ دسمبرمیں چین سے درآمدات کاحجم 1.758ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا۔