سپر ٹیکس کی یکمشت وصولی سے روکا جائے ،پاکستان ٹیکس بار
ایف بی آر کی مہم جوئی معیشت کو حالت نزع میں پہنچا دے گی،شیخ احسان ودیگر
لاہور(این این آئی)پاکستان ٹیکس بار ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ سپر ٹیکس کے ذریعے 300 ارب کی ٹیکس وصولی صنعتوں پر مزید بو جھ کے مترادف ہے اور اس سے معیشت کا پہیہ جام ہو جائے گا، 55فیصد ٹیکسزکی ادائیگی کے بعد سپر ٹیکس ظلم اور نا انصافی ہے ،وفاقی آئینی عدالت کے سپر ٹیکس سے متعلقہ فیصلے کے بعد ایف بی آر کی مہم جوئی عروج پکڑے گی جو پہلے سے نڈھال معیشت کو حالت نزع میں پہنچا دے گی ۔ان خیالات کا اظہار ایسوسی ایشن کے صدر شیخ احسان الحق ودیگر نے کیا۔
انہوں نے کہا کہ اگر حکومت سپر ٹیکس کی وصولی کرنا چاہتی ہے تو ڈیفالٹ سرچارج ختم کرکے اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے سپر ٹیکس اقساط میں وصول کرے تاکہ کاروبار مفلوج نہ ہو،ملک بھر کی 32 ٹیکس بارز اور 30ہزار سے زائد ٹیکس پریکٹیشنرز اپنا ردعمل دینے کیلئے تیار ہیں لیکن ہم سمجھتے ہیں کہ عدالتی فیصلے پر بات کرنے کے بجائے 59 لاکھ ٹیکس دہندگان کی مشکلات کو کم کرنے کیلئے حکمت عملی اپنانے کی ضرورت ہے ، اگر لوگوں نے اپنے بینک اکاؤنٹس خالی کرکے کاروبار بند کر دیے تو سپر ٹیکس ہی نہیں ٹیکس اہداف بھی متاثر ہوں گے ۔